وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی سندھ میں این ایچ اے منصوبوں کی جلد تکمیل کی ہدایت ،تعمیرات کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں، این ایچ اے سٹاف کو مراعات دیں گے،عبدالعلیم خان
کراچی(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے کراچی میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ریجنل آفس کا دورہ کیا جہاں اعلیٰ سطح کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی جبکہ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کو سندھ بھر میں بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں مرکز انتظامی رکاوٹوں کو دور کرنا اور آپریشنز کی ہموار روانی کے لیے سیکیورٹی خدشات کا جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے زیر التوا منصوبوں کو تیز کرنے کے لیے واضح ہدایات جاری کیں اور زور دیا کہ اب تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس میں اہم شاہراہوں بشمول این120، این110، این5، این55 اور ایم6 موٹروے کا جامع جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اجلاس میں پلوں کی مرمت اور توسیع کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے اور وسائل کے بہتر انتظام کے لیے ٹول ٹیکس جمع کرنے کے نظام کا اسٹریٹجک جائزہ بھی لیا گیا۔
عبدالعلیم خان نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ’تعمیرات کے معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے سندھ میں ہائی ویز کے مسائل کو حل کرنے کے لیے خصوصی ٹیموں کی تشکیل کی منظوری دی۔ عوام کے لیے بلا تعطل سفری سہولت یقینی بنانے کے لیے وفاقی وزیر نے ہدایت دی کہ صوبے میں مستقبل کے تمام ٹول پلازے ایک ہی ڈیزائن اور ساختی ترتیب کے مطابق ہونے چاہئیں
ملازمین کی حوصلہ افزائی اور صلاحیت کو بڑھانے کے لیے وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے اعلان کیا کہ سالانہ آر او ڈبلیو ریونیو کے اہداف حاصل کرنے اور منصوبوں کے سنگ میل عبور کرنے والے این ایچ اے ملازمین کو خصوصی مراعات دی جائیں گی۔
انہوں نے محکمانہ ذمہ داری کا احساس دلاتے ہوئے جنرل مینیجر کو ہدایت کی کہ وہ بحالی کے کاموں کو ترجیح دینے اور غیر ضروری اخراجات ختم کرنے کے لیے ہفتہ وار رپورٹ پیش کریں۔دورے کے اختتام پر وفاقی وزیرمواصلات نے عالمی معیار کی سفری سہولیات فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ایم6 موٹروے کے لیے پروکیورمنٹ کے عمل اور معاہدے کی تشکیل کو جدید بنایا جا ئے تاکہ اعلیٰ ترین معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔ وفاقی وزیرعبدالعلیم خان نے اس امر کا اظہار کیا کہ ہم عوام کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے اور واضح کیا کہ احتساب اور کارکردگی این ایچ اے کے لیے بنیادی معیار ہیں۔
