حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد کی ادبی نشست کا انعقاد

حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد کی ادبی کمیٹی کے زیر اہتمام ادبی نشست کا انعقاد

اسلام آباد (پ ر)حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد کی ادبی کمیٹی کے زیرِ اہتمام جامع تفہیم القرآن اسلام آباد میں ایک بامقصد ادبی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں رائٹرز اینڈ بلاگرز فورم سے وابستہ قلمکار بہنوں نے بھرپور شرکت کی اور اپنی معیاری ادبی تخلیقات پیش کیں۔

نگران ادبی کمیٹی و رائٹرز فورم حریم شفیق، بلاگر غزالہ، مزاح نگار ثروت، شاعرہ سمعیہ، بچوں کی لکھاری فرخ، کہانی نویس آصفہ سہیل اور تحریم نے اپنی اپنی تحریریں پیش کیں، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔

تقریب میں پیش کی جانے والی تحریروں پر معروف ماہرِ تعلیم و سینئر ادیبہ ڈاکٹر میمونہ حمزہ نے نہایت مدلل اور بصیرت افروز تبصرہ کیا۔ انہوں نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ادب محض جذبات کے اظہار کا نام نہیں بلکہ یہ فکر، شعور اور مقصدیت کا آئینہ دار ہوتا ہے۔

آج کی تحریروں میں فکری پختگی اور موضوعات کی وسعت قابلِ تحسین ہے، جسے مزید مطالعہ اور مشق کے ذریعے ایک مضبوط ادبی دھارے میں ڈھالا جا سکتا ہے۔

انہوں نے قلمکار خواتین کو اپنی تحریروں میں مقصدیت، گہرائی اور معاشرتی رہنمائی کے پہلو کو مزید اجاگر کرنے کی بھی تلقین کی۔
اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد سعدیہ سیف نے قلمکار خواتین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔

محفل میں ایک خوشگوار اور پُرمسرت فضا قائم رہی، جہاں ادب، محبت اور باہمی تعلق کی خوبصورت جھلک نمایاں تھی۔ شرکاء نے نہ صرف اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار کیا بلکہ ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا بھی قیمتی موقع حاصل کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.