مشیر حکومت زاہد مغل تمغۂ امتیاز سے نواز دیے گئے

گورنر ہاؤس لاہور میں سول ایوارڈز کی شاندار تقریب، معروف بزنس مین و مشیر حکومت زاہد مغل تمغۂ امتیاز سے نواز دیے گئے

لاہور(کشمیر ایکسپریس نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گورنر ہاؤس لاہور میں منعقدہ سول ایوارڈز کی پروقار تقریب تقسیمِ اعزازات میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی 81 ممتاز شخصیات کو ستارۂ امتیاز، صدارتی اعزاز برائے حسنِ کارکردگی، تمغۂ شجاعت اور تمغۂ امتیاز سے نوازا۔ تقریب میں سیاسی، سماجی، کاروباری، ثقافتی اور سرکاری شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران مشیر حکومت، معروف بزنس مین، سماجی شخصیت اور اوورسیز کمیونٹی کے سرگرم رہنما زاہد مغل کو بھی تمغۂ امتیاز سے نوازا گیا۔ انہیں یہ اعزاز آزاد کشمیر میں بین الاقوامی برینڈز متعارف کروانے، جدید کاروباری رجحانات کو فروغ دینے، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور برطانیہ میں کالنگ کارڈ متعارف کروانے جیسے نمایاں کارناموں پر دیا گیا، جنہوں نے نہ صرف کاروباری شعبے بلکہ کمیونیکیشن سیکٹر میں بھی ایک نئی جدت پیدا کی۔

زاہد مغل نے اپنی کاروباری بصیرت، جدید سوچ اور محنت کے ذریعے آزاد کشمیر اور بیرونِ ملک پاکستانی کمیونٹی میں ایک منفرد مقام حاصل کیا۔ انہوں نے ایسے منصوبے متعارف کروائے جنہوں نے نہ صرف مقامی مارکیٹ کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کیا بلکہ نوجوان نسل کو جدید کاروباری مواقع اور ترقی کی نئی راہیں بھی فراہم کیں۔ برطانیہ میں کالنگ کارڈ سروس متعارف کروانا بھی ان کی ایک بڑی کامیابی تصور کی جاتی ہے، جس نے اوورسیز پاکستانیوں خصوصاً کشمیری و پاکستانی کمیونٹی کے لیے اپنے پیاروں سے رابطے کو آسان اور سستا بنایا۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے تقریب کے دوران زاہد مغل کو تمغۂ امتیاز عطا کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ایسے لوگ ملک و قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں جو اپنی صلاحیتوں، وژن اور محنت سے پاکستان کا نام روشن کرتے ہیں۔ تقریب میں شریک شخصیات نے زاہد مغل کی کامیابی کو آزاد کشمیر اور اوورسیز کمیونٹی کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔

اس موقع پر زاہد مغل نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ تمغۂ امتیاز ان کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے اور وہ اسے اپنی محنت، خاندان کی دعاؤں اور عوامی محبت کا نتیجہ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی ملک و قوم، اوورسیز کمیونٹی اور نوجوان نسل کی بہتری کے لیے اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔

سیاسی، سماجی، کاروباری اور اوورسیز حلقوں کی جانب سے زاہد مغل کو تمغۂ امتیاز ملنے پر مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف شخصیات نے انہیں غریبوں کا مسیحا، نوجوانوں کے لیے رول ماڈل، خاندان کا روشن ستارہ اور ایک کامیاب ٹرینڈ سیٹر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی محنت، خلوص اور عوامی خدمت کا روشن ثبوت ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.