مظفرآباد:(کشمیر ایکسپریس نیوز)آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات کے تیسرے مرحلے میں ضلع پونچھ اور ضلع پلندری کے انتخابی حلقوں میں 10 اگست کو ہونے والی پولنگ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر موخر کردی گئی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق سیکرٹری داخلہ حکومت آزادکشمیر کی رپورٹ میں پونچھ اور سدھنوتی میں امن و امان کی صورتحال پر تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا، جبکہ بعض سیاسی شخصیات اور امیدواروں کی جانب سے بھی الیکشن کمیشن کو درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔
ترجمان کے مطابق ضلع پونچھ اور ضلع پلندری کے انتخابی حلقوں میں پولنگ 10 اگست کو نہیں ہوگی، تاہم ضلع باغ کے تین اور ضلع حویلی کے ایک انتخابی حلقے میں پولنگ حسبِ سابق 10 اگست کو ہی ہوگی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پونچھ اور پلندری میں انتخابات کی نئی تاریخ اور نظرثانی شدہ شیڈول کا اعلان حالات کا جائزہ لینے اور تمام متعلقہ امور کو مدنظر رکھتے ہوئے بعد میں کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق انتخابات موخر کرنے کا فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے تاکہ آزاد کشمیر میں انتخابات آزادانہ، منصفانہ، شفاف اور پُرامن ماحول میں یقینی بنائے جاسکیں۔
