فارم 24 کی عدم فراہمی کے دعوے بے بنیاد،ترجمان الیکشن کمیشن

مظفرآباد:(کشمیر ایکسپریس نیوز) ترجمان الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد شکیل خان نے فارم 24 کی عدم فراہمی سے متعلق دعوؤں کو بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک کسی حلقے یا پولنگ اسٹیشن سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ شکایت موصول نہیں ہوئی۔

راجہ محمد شکیل خان کے مطابق تمام پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ ایجنٹس کو قانون کے مطابق فارم 24 فراہم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی نشانات کسی کی پسند یا ذاتی صوابدید پر الاٹ نہیں کیے جاتے بلکہ AJK Elections Rules, 2020کے رول 42 اور فارم 42 کے تحت الاٹ کیے گئے ہیں۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ کا مکمل ریکارڈ موجود ہے جسے قانونی طریقہ کار کے تحت جانچا جا سکتا ہے۔

انہوں نے سیاسی جماعتوں اور تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا کہ غیرمصدقہ اطلاعات، بے بنیاد الزامات اور گمراہ کن تاثر پھیلانے سے گریز کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی مفاد کسی بھی فریق کو بے بنیاد دعوے کرنے کا جواز فراہم نہیں کرتا۔

راجہ محمد شکیل خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن قانون، شفافیت، غیرجانبداری اور میرٹ کے اصولوں کے مطابق اپنے فرائض انجام دے رہا ہے اور کسی بھی بے بنیاد پروپیگنڈے یا غلط معلومات کے ذریعے انتخابی عمل کی ساکھ اور شفافیت متاثر نہیں ہونے دی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.