پاکستان کا تاریخی 1000واں ون ڈے کل، آسٹریلیا کے خلاف سیریز کا آغاز راولپنڈی سے ہوگا
راولپنڈی(رازق بھٹی)پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا آغاز کل راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم سے ہوگا، جہاں قومی ٹیم اپنی کرکٹ تاریخ کا ایک یادگار سنگِ میل عبور کرتے ہوئے ایک ہزارواں ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلے گی۔
سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جبکہ دوسرا اور تیسرا ون ڈے لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ تینوں میچز شام ساڑھے چار بجے پاکستان وقت کے مطابق شروع ہوں گے۔
قومی ٹیم کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کریں گے جبکہ آسٹریلوی ٹیم کی کپتانی جوش انگلس کے سپرد ہوگی۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اب تک 111 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں دونوں ٹیموں کے درمیان ہمیشہ سخت اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے۔
پاکستانی ٹیم کو حالیہ ریکارڈ کے باعث نفسیاتی برتری حاصل ہے کیونکہ قومی ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف آخری دو ون ڈے سیریز دو ایک سے اپنے نام کی تھیں۔
اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ایک ہزارواں ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنا پوری ٹیم کے لیے ایک خاص اور تاریخی لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا دنیا کی مضبوط ترین ٹیموں میں شامل ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلے ہمیشہ سخت اور دلچسپ ہوتے ہیں۔
شاہین آفریدی کے مطابق کھلاڑیوں نے ٹریننگ کیمپ میں بھرپور محنت کی ہے اور پوری ٹیم جیت کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف گزشتہ دو ون ڈے سیریز میں کامیابی سے ٹیم کا اعتماد بلند ہے جبکہ راولپنڈی اور لاہور میں شائقین کی سپورٹ ہمیشہ کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہوتی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ پہلی بار “PCB Live” کے ذریعے میچز کی لائیو اسٹریمنگ بھی کرے گا جبکہ شائقین پی ٹی وی اسپورٹس پر بھی میچز براہ راست دیکھ سکیں گے۔
سیریز کے لیے کمنٹری پینل میں عامر سہیل، رمیز راجہ، بازید خان، عروج ممتاز اور گریگ بلیوٹ شامل ہوں گے، جو میچز کو مزید دلچسپ بنانے کے لیے اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔
کرکٹ شائقین کو ایک بار پھر پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سنسنی خیز مقابلوں کا انتظار ہے، جبکہ قومی ٹیم اپنے تاریخی ایک ہزارویں ون ڈے کو فتح کے ساتھ یادگار بنانے کے لیے میدان میں اترے گی۔
