مظفرآباد( کشمیر ایکسپریس نیوز) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ حکومت عام آدمی کی فلاح و بہبود، عوامی مسائل کے حل اور معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وائس چیئرمین آزادجموں و کشمیر پریس فاؤنڈیشن سردار ذوالفقار علی، سابق صدر سینٹرل پریس کلب سید آفاق شاہ اور صدر ڈیجیٹل میڈیا جرنلسٹس ایسوسی ایشن نصیر چوہدری سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ترجمان وزیراعظم شوکت جاوید میر اور پریس سیکرٹری آصف راٹھور بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں صحافیوں کی فلاح و بہبود، ڈیجیٹل میڈیا کے فروغ اور اطلاعات تک رسائی سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ میڈیا ریاست اور عوام کے درمیان مضبوط رابطے کا ذریعہ اور مثبت اور ذمہ دار صحافت معاشرے کی تعمیر و ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نےکہا کہ حکومت صحافیوں کے حقوق کے تحفظ، فلاحی اقدامات اور میڈیا کے مثبت کردار کو مزید موثر بنانے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات جاری رکھے گی۔
