ہاتھوں کے بل 100 سیڑھیاں اتر نے کا نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم

کٹھمنڈو / چین(صباح نیوز)نیپال کے معروف ایتھلیٹ ہاری چندرا گیری نے ایک بار پھر اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے گنیز ورلڈ ریکارڈز میں نیا سنگ میل عبور کر لیا۔

متعدد عالمی ریکارڈز اپنے نام کرنے والے 31 سالہ ایتھلیٹ نے ہاتھوں کے بل چلتے ہوئے کم ترین وقت میں 100 سیڑھیاں اترنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ یہ منفرد کارنامہ چین کے شہر یون یینگ میں انجام دیا گیا جہاں ہاری چندرا گیری نے محض 44.71 سیکنڈ میں 100 سیڑھیاں ہاتھوں کے بل اتر کر نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کیا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز سے گفتگو کرتے ہوئے ہاری چندرا گیری نے کہا کہ سیڑھیوں پر ہاتھوں کے بل چلنا ہموار زمین کے مقابلے میں کہیں زیادہ مشکل ہوتا ہے کیونکہ اس دوران جسم کا توازن برقرار رکھنا ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے۔

ان کے مطابق سیڑھیوں کا زاویہ مختلف ہونے کی وجہ سے ہاتھوں اور کندھوں پر اضافی دباؤ پڑتا ہے، جس کے لیے غیر معمولی مہارت، طاقت اور مسلسل مشق درکار ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چین کی مشہور سیڑھیاں اس ریکارڈ کوشش کے لیے بہترین مقام ثابت ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس چیلنج کا مقصد یہ ثابت کرنا تھا کہ ہینڈ اسٹینڈ پر مکمل کنٹرول برقرار رکھتے ہوئے رفتار، درستگی اور حفاظت کو بیک وقت یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

ہاری چندرا گیری کی اس کامیابی کو کھیلوں اور فٹنس کے حلقوں میں غیر معمولی قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا صارفین بھی ان کی مہارت اور جسمانی توازن کی بھرپور تعریف کر رہے ہیں۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز میں ایک اور شاندار اضافہ کرتے ہوئے ہاری چندرا گیری نے ثابت کر دیا ہے کہ عزم، مسلسل محنت اور غیر معمولی صلاحیت انسان کو عالمی سطح پر منفرد مقام دلا سکتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.