مظفرآباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے چیف سیکرٹری خوشحال خان اور انسپکٹر جنرل پولیس لیاقت ملک نے ملاقات کی۔ اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود خان ، کمشنر مظفرآباد بدر منیر اور پی ایس او عثمان ممتاز بٹ بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران چیف سیکرٹری خوشحال خان نے وزیراعظم کو ریاست کی مجموعی انتظامی اور موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ آئی جی لیاقت ملک نے امن و امان اور سیکیورٹی سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور امن و امان کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی عملداری اور ریاست میں پائیدار امن کے لیے تمام ضروری اقدامات بروقت اور مؤثر انداز میں یقینی بنائے جائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ تمام ادارے باہمی ہم آہنگی اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تاکہ عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے اور ریاست میں امن، استحکام اور مؤثر طرزِ حکمرانی کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
