میرپورڈویژن میں امن وامان کی صورتحال تسلی بخش،انسپکٹر جنرل

میرپور(کشمیر ایکسپریس نیوز)انسپکٹر جنرل آزاد جموں و کشمیر پولیس کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے انتخابات 2026 کے پہلے مرحلے کے دوران میرپور ڈویژن کے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران ڈی آئی جی میرپور ڈویژن کامران علی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ آئی جی پولیس نے پولنگ اسٹیشنز پر سکیورٹی انتظامات اور مجموعی امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی آزاد کشمیر کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے کہا کہ میرپور ڈویژن میں مجموعی طور پر امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے ، پولنگ کا عمل بلا تعطل اور پرامن ماحول میں جاری ہے۔

پولیس اہلکار انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے اپنے فرائض بھرپور ذمہ داری کے ساتھ سرانجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابات 2026 کے پرامن انعقاد کے لیے میرپور ڈویژن میں 22 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں،

جہاں بھی کسی خرابی کی اطلاع ملتی ہے فوری رسپانس کیا جاتا ہے۔ امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔آئی جی آزاد کشمیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بلاخوف و خطر اپنا جمہوری حقِ رائے دہی استعمال کریں اور انتخابات میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنے بہترین مستقبل کا فیصلہ کریں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.