پاکستان پرامن ہمسائیگی کاحامی، بھارت مذاکرات کاماحول تیارکرے،ترجمان دفترخارجہ

پاکستان پرامن ہمسائیگی کاحامی، بھارت مذاکرات کاماحول تیارکرے،ترجمان دفترخارجہ
اسلام آباد (رازق بھٹی)ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین بشام دہشتگردی کے واقعہ پر رابطے میں ہیں،وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستان میں چینی باشندوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے،پاکستان غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے،بھارتی عوام کا حق ہے کہ وہ اپنی قیادت کا انتخاب کریں، ہم بھارت میں انتخابی عمل پر ردعمل نہیں دیتے،پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل تک کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان پر امن ہمسائیگی پر یقین رکھتا ہے، امید کرتے ہیں کہ بھارت پرامن بامقصد مذاکرات کے لیے سازگار ماحول تیار کرے گا، پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر نقل وحرکت ویزے کے تحت ہونا چاہییے۔ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے وزیر اعظم کے دورہ چین کے حوالے سے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف چین کے اہم دورے پر ہیں، دورہ چین میں وزیر اعظم شہباز شریف کے ہمراہ وزیر خارجہ بھی موجود ہیں، صبح وزیر اعظم شہباز شریف کی چینی ہم منصب سے اہم ملاقات ہوئی، ملاقات میں بشام واقعہ اور سی پیک کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستان میں چینی باشندوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے، پاکستان اور چین کے درمیان 23 ایم او یوز پر دستخط کیے گئے ہیں، ایم او یوز میں تجارت ، صنعت اور دیگر شعبوں پر کام کرنے کا اعادہ کیا گیا ہے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان اور چین بشام دہشت گردی پر رابطہ میں ہیں، پاک چین تعلقات وقت کے آزمودہ ہیں، گزشتہ کئی دہائیوں میں ان تعلقات نے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچایا ہے، ہم اپنے تعلقات کی بنا پر ہر مرتبہ مومینٹم میں اضافہ کرتے ہیں۔ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے شینزن میں بزنس کانفرنس میں بھی شرکت کی۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز پاکستان کو اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب کر لیا گیا،پاکستان کے قوانین انسانی حقوق کی ضمانت دیتے ہیں۔ دیگر حکومتوں کے ردعمل پر یہی کہتے ہیں کہ پاکستان اپنے آئین پر عملدرآمد کو سنجیدگی سے لیتا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا پاکستان مسئلہ فلسطین کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتا ہے، پاکستان غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے۔انہوںنے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کے پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، فلسطینیوں ،بالخصوص غزہ کے عوام پر حملوں کو فوری بند کیا جانا چاہیے۔ بھارتی انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بھارتی عوام کا حق ہے کہ وہ اپنی قیادت کا انتخاب کریں، ہم بھارت میں انتخابی عمل پر ردعمل نہیں دیتے۔انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کریں گے، مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ دہائی میں 7ہزار سے زائد افراد کو شہید کیا گیا، پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل تک کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا، ہم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے 5اگست 2019کے یکطرفہ غیر قانونی اقدامات نے پاک بھارت باہمی ماحول کو خراب کیا، پاکستان پر امن ہمسائیگی پر یقین رکھتا ہے، امید کرتے ہیں کہ بھارت پرامن بامقصد مذاکرات کے لیے سازگار ماحول تیار کرے گا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار استنبول کا ایک روزہ سرکاری دورہ کریں گے، وزیر خارجہ ترکیہ ہاکان فیدان سے ملاقات کریں گے، وزیر خارجہ اسحاق ڈار غزہ کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار ہم منصب ہاکان فیدان کے دعوت پر دورہ کر رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ افغانستان سے پاکستان آنے کے خواہش مند افراد کے پاس ویزہ اور افغان پاسپورٹ ہونا چاہییے۔ پاک ، افغان سرحد پرنقل وحرکت ویزے کے تحت ہونا چاہیے۔نمائندہ خصوصی برائے افغانستان آصف درانی آج (ہفتہ کو)ایران میں چار فریقی مذاکرات میں حصہ لیں گے، ہم افغانستان کی اپنے عوام کی اقتصادی خوشحالی کے لئے کوششوں کی حمایت کریں گے۔

Comments are closed.