جدہ،پاکستانی صحافیوں کی قائداعظم کی سالگرہ تقریب

جدہ: پاکستانی صحافیوں کے زیرِ اہتمام قائداعظم کی 148ویں سالگرہ کی تقریب

جدہ(معروف حسین) جدہ میں پاکستانی صحافیوں کی جانب سے قائداعظم محمد علی جناح کے 148 ویں یوم پیدائش کے موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کا انعقاد جدہ میں مقیم پاکستانی صحافیوں نے کیا، تقریب میں قونصل جنرل پاکستان خالد مجید نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ تقریب میں قائداعظم کے افکار اور تحریک پاکستان کے رہنماؤں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

قونصل جنرل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائداعظم اور علامہ اقبال سمیت تحریک پاکستان کے دیگر رہنماؤں کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ان کی محنت اور قیادت کی بدولت پاکستان آزاد ملک بن سکا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے آزادی کے لیے اپنی بیماری کے باوجود بھرپور جدوجہد کی اور مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن حاصل کیا۔ خالد مجید نے کہا کہ اگر قائداعظم کچھ عرصہ اور زندہ رہتے تو پاکستان کی موجودہ شکل مختلف ہوتی۔

تقریب میں صحافیوں نے جدہ کے پاکستانی اسکولوں میں طلبہ کو قائداعظم اور تحریک پاکستان کے رہنماؤں کے افکار سے روشناس کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔ قونصل جنرل نے ان تجاویز پر فوری عمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اسکولوں میں قائداعظم اور تحریک پاکستان کے رہنماؤں کے افکار کے فریم آویزاں کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ خصوصی مواقع پر آزادی کی تحریکوں پر پروگرام منعقد کیے جائیں گے اور پاکستان سے مفکر شخصیات کو مدعو کیا جائے گا۔

تقریب میں جہانگیر خان، مسرت خلیل، اور امیر محمد خان سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ قونصل پریس محمد عرفان نے قائداعظم پر لکھی گئی کتابوں سے اقتباسات پیش کیے۔ تقریب کے اختتام پر “یوں دی ہمیں آزادی” کے نغمے کی دھن پر سالگرہ کا کیک کاٹا گیا، اور شرکاء کے لیے عشائیہ کا بھی اہتمام کیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.