سدھنوتی: ہندوستانی مظالم کا شکار کشمیری معصوم بچوں کے نام خصوصی پروگرام
پلندری (کشمیر ایکسپریس نیوز)ضلع سدھنوتی میں 4 جنوری جموں و کشمیر میں ہندوستانی مظالم کا شکار معصوم بچوں سے ہمدردی کے طور پر منایا گیا اس موقع پر کشمیری معصوم بچوں پر بھارتی مظالم کے خلاف دو خصوصی پروگرام منعقد کیے گئے۔ یہ پروگرام کشمیری عوام سے یکجہتی کے اظہار اور مظلوم بچوں کی حالتِ زار اجاگر کرنے کے لیے منعقد کیے گئے
پہلا پروگرام ڈپٹی کمشنر سدھنوتی سردار عمر فاروق کی قیادت میں منعقد ہوا، جس میں معصوم بچوں کے نام سے شجر کاری مہم کا آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ایک پودا لگایا اور کہا کہ یہ مہم کشمیری بچوں کے بہتر مستقبل کی علامت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمیں بچوں کو ایک محفوظ اور خوشحال ماحول فراہم کرنے کے لیے اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے
دوسرے پروگرام میں ایک ریلی نکالی گئی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔ مقررین نے بھارتی افواج کی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لے اور ان کے حقوق کی بحالی کے لیے اقدامات کرے
یہ دونوں پروگرام سدھنوتی میں کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار اور ان کے حقوق کی جدوجہد میں عزم کی تجدید کے طور پر دیکھے جا رہے ہیں