کشمیریوں کی جدوجہد تکمیل پاکستان کیلئے ہے،انوارالحق

کشمیریوں کی جدوجہد تکمیل پاکستان کیلئے ہے،انوارالحق

مظفرآباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)زیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کا کشمیریوں سے استصواب رائے کا وعدہ پورا نہیں ہوسکا، کشمیریوں کی جدوجہد تکمیل پاکستان کے لئے ہے. شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے،

حق خودارادیت کے ذریعے کشمیری اپنی منزل ضرور حاصل کریں گے،مملکت خداداد پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام ، مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت سے کبھی دستبردار نہیں ہونگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم حق خودارادیت کے موقع پر خصوصی پیغام میں کیا ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ اقوام متحدہ نے جموں و کشمیر کے عوام کو ایک غیر جانبدارانہ استصوابِ رائے کے ذریعے حقِ خودارادیت کی ضمانت دی تھی جس کو پورا کرنا اقوام متحدہ کی بنیادی ذمہ داری تھی ، اقوام متحدہ استصواب رائے کا وعدہ پورا کرے ۔

بھارتی جبر سہنے کے باوجود اہلِ کشمیر حقِ خودارادیت کے حصول کے مطالبے پر ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ بھارت سن لے، آزادی منزل ہے ، بھارت نے حق خودارادیت کا راستہ روکا تو بھارت کے لیے نتائج بھیانک ہونگے۔

وزیر اعظم آزادکشمیرچوہدری انوارالحق نے اپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں معصوم کشمیری شہید ہو گئے ، جبر کے ہتھکنڈے کامیاب نہیں ہوں گے، کشمیری آزادی سے کم کسی چیز پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے مسلسل غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے ذریعے مقبوضہ جموں وکشمیر میں خوف اور ہراس کی فضا پیدا کر رکھی ہے، مقبوضہ جموں وکشمیر میں آزادی کی سیاسی تحریک کو کچلنے کیلئے ہندتوا نواز سرکار نے تمام سیاسی قیادت کو پابند سلاسل کر رکھا ہے، اقوام متحدہ اور عالمی ادارے کشمیری قیادت کی غیر قانونی حراست کا نوٹس لے،

اقوام متحدہ میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظمیوں کو مقبوضہ کشمیر میں آزادانہ کام کرنے کا موقع فراہم کروانے کے لیے کردار ادا کریں ۔ جموں کشمیر کی آزادی کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی تحقیقات کے لیے کردار ادا کریں ۔

وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں ، حق خودارادیت کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے۔ مسئلہ کشمیر پر کشمیری عوام کا موقف بالکل واضح اور دو ٹوک ہے جس میں کوئی ابہام نہیں ہے، وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ کشمیریوں کو انکا پیدائشی اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حق یعنی حق خودارادیت دیا جائے۔

کشمیری عوام پاکستان کی سلامتی، سا لمیت، استحکام اور تکمیل پاکستان کیلئے اپنی جد وجہد جاری رکھیں گے۔ وزیر اعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ حق خودارادیت انسانی حقوق کا بنیادی جزو، عالمی برادری جموں کشمیر سے بھارتی غیر قانونی قبضے کو چھڑانے کیلئے کردار ادا کرے،

5 اگست 2019 کو بھارت کی طرف سے کشمیر پر جبری قبضہ کرنے کی مضموم کوشش کو کشمیریوں نے مسترد کر دیا ہے اور کشمیری عوام نے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کو بھی یکسر مسترد کر دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی ادارے جموں وکشمیر پر بھارتی اقدامات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کیلئے کردار ادا کریں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.