یوم حق خودارادیت،میرپور میں آزادی کاپُرعزم اظہار
میرپور(کشمیر ایکسپریس نیوز)حکومت آزادکشمیرکی اپیل پرریاست بھرکی طرح ضلع میرپورمیں بھی یوم حق خودارادیت اس عہد کی تجدید کے ساتھ منایاگیاکہ جب تک مقبوضہ ریاست جموں وکشمیربھارت کے چنگل سے آزاد نہیں ہوجاتااس وقت تک کشمیری اپنی جدوجہدآزادی جاری رکھیں گے اور ریاست جموں وکشمیر کی آزادی کے لیے کسی بھی جانی ومالی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائے گا۔
یوم حق خودارادیت کے سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ،جموں و کشمیر یونائیٹڈ مومومنٹ،پراپرٹی ڈیلرز ایسو سی ایشن،سیاسی و سماجی جماعتوں،انجمن تاجراں اور ملازمین تنظیموں اور ایمولینس سروسزکے زیر اہتمام مختلف ریلیاں نکالی گئی۔شرکاء ریلی ہے حق ہماراآزادی، ہم چھین کے لیں گے آزادی، تحریک آزادی کشمیرزندہ باد، پاک فوج زندہ باد،آزادکشمیرزندہ باد، پاکستان پائندہ باد، کشمیربنے گاپاکستان کے نعرہ لگارہے تھے۔
ضلعی انتظامی کے زیر اہتمام ریلی کی قیادت ا یڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راجہ عمر طارق،ا سسٹنٹ کمشنر راجہ زاہد حسین،انجمن تاجراں کے سہیل شجاع مجاہد کے علاوہ دیگر نے کی۔ریلی میں ڈی او محمد اسحاق مغل، تحصیلدار چوہدری عمران یوسف،ڈپٹی ڈائریکٹر لبریشن سیل سردار عظیم سرور، ایڈیشنل پرنسپل وٹرنری آفیسر ڈاکٹر خالد قیوم بٹ، و ٹرنر ی آفیسر ڈاکٹر نعیم کالس، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک، مسلم کانفرنس کے عبدالشکور مغل،تنویر غازی،ملازمین تنظیموں کے مسعود راٹھور،قیصر شیراز کاظمی، بلدیہ کے راشد بزمی،ایم ڈی اے کے ضیاء منہاس،شوکت چوہدری،ملازمین تنظیموں کے نمائند گان اور سمیت سول سوسائٹی کے نمائندگان بھی موجود تھے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راجہ عمر طارق نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کے باشندگان ہر سال 5 جنوری کو ” یوم حق خود ارادیت کے طور پر مناتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اقوام متحدہ کی کشمیر سے متعلق منظور کر دہ قرار دادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق خودارادیت دلوائے۔
انھوں نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر کی راہ میں کشمیری گزشتہ 78سالوں سے لاکھوں کے حساب سے جانی ومالی قربانیاں دے رہے ہیں کشمیری صرف اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم کیے گے حق خودارادیت کا مطالبہ کرتے ہیں لیکن اقوام متحدہ اورعالمی طاقتوں کی مسئلہ کشمیر پر سرد مہری سے بھارت کے انتہا پسند حکمرانوں نے کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم کی انتہا کررکھی ہے جس کے باعث لاکھوں کے حساب سے کشمیریوں نے شہادتیں پیش کیں۔
انھوں نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے آر پار کے دونوں اطراف کے کشمیری کسی بھی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے جب تک مقبوضہ کشمیر کے عوام کو آزادی کی نعمت نہیں مل جاتی کشمیری اپنا اسی طرح احتجاج بلند کرتے رہیں گے۔
کشمیر پریس کلب کی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین ظفر مغل نے ریلی میں مختلف قراردادیں پیش کیں جن میں ریاست جموں و کشمیر اور پوری دنیا میں بسنے والے کشمیریوں کی طرف سے 5 جنوری 1949 کی سلامتی کونسل کی منظور کردہ قراردادوں کے مطابق کشمیر یوں کو اس بات کا حق دیا گیا تھا کہ وہ آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں۔
ایک اور قرارداد میں 05اگست 2019کو ہندو انتہا پسند بھارتی جنتا پارٹی کی طرف سے آرٹیکل 370 اور 35A کے خاتمہ کرکے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور مسلم اکثریت کی آبادی کے تناسب کوتبدیل کرنے کی گھناؤنی سازش کی بھرپور الفاظ میں مذمت کی گئی ۔ایک اور قرارداد میں بھارت کے زیر قبضہ مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر میں حریت کانفرنس کے قائدین کی نظربندی، گرفتاریوں اور حق خودارادیت کی جدوجہد کرنے والے شہریوں پرمقدمات قائم کرکے انھیں پابند سلاسل کرنا، عدالتی چارہ جوئی سے روکنااور اعلیٰ تعلیم یافتہ کشمیری نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ جیسے واقعات کی مذمت کی گئی۔
ایک اور قرارداد میں صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری،وزری اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف ا ور چیف آف آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور پاکستان کے عوام کی طرف سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے مضبوط اور جاندار موقف پیش کر نے پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر آفس میں دعائیہ تقریب منعقد ہو ئی جس میں شہداء جموں و کشمیر،شہداء پاکستان اورشہداء مسلح افواج کی روح کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی گئی اور تحریک آزادی کشمیر سمیت پاکستان کی ترقی اور سلامتی کے لیے بھی دعائیں کی گئیں۔