موٹرویزپرسکیورٹی وسرویلنس،پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنیکافیصلہ

موٹرویز پر سکیورٹی و سرویلنس کیلئے موٹر بائیک سروس کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے پٹرولنگ بڑھانے اور سخت سکیورٹی کا ٹاسک سونپ دیا
این ایچ اے، موٹروے پولیس،ایف ڈبلیو او اور ضلعی پولیس مشترکہ اقدامات یقینی بنائے:اجلاس
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان کی ہدایت پر موٹرویز پر سکیورٹی و سرویلنس کے لئے موٹر بائیک سروس کے پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے پہلے مرحلے میں موٹروے پولیس اپنے وسائل سے سکیورٹی بائیک سروس شروع کرے گی

جبکہ بعدا زاں اس میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے وزارت مواصلات کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے حفاظتی باڑ چوری ہونے، موٹرویز پر مویشیوں اور جانوروں کے آنے کی شکایات اور مسافروں کو درپیش شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے موٹرویز پر پٹرولنگ بڑھانے اور سکیورٹی مزید سخت کرنے کا ٹاسک سونپ دیا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ موٹرویز پر بیک وقت 30سے35موٹربائیکس کو مختلف سیکٹر میں پٹرولنگ کرتے رہنا چاہیے تاکہ موٹروے پر آنے والوں کو زیادہ سے زیادہ تحفظ کا احسا س ہو سکے اور کسی بھی شکایت کا موقع پر ہی ازالہ ممکن ہو۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے موٹروے کے گرد حفاظتی باڑ کی چوری کی روک تھام کے لئے موثر حکمت عملی اختیار کرنے کی ہدایت کی جس کے لئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی،موٹروے پولیس، ایف ڈبلیو او اور متعلقہ ضلعی پولیس مشترکہ اقدامات اٹھائے گی۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت کے لئے موٹروے پولیس کو زیادہ سے زیادہ ذمہ داری لینا ہوگی اور ایسا میکنزم اختیار کرنا ہوگا کہ موٹروے پر سفر کو زیادہ سے زیادہ محفوظ بنایا جا سکے۔

انہوں نے اس امر کے لئے موٹروے پولیس کے اختیارات میں قانون سازی کی ترمیم لانے کی بھی تجویز دی۔عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ موٹروے پر جن ایریاز میں جرائم اور باڑ چوری کے واقعات زیادہ ہیں اُن کی نشاندہی کریں اور جس علاقے میں ایسا کوئی واقعہ ہوگا

وہاں کا این ایچ اے آفیسر اور موٹروے پولیس ذمہ دار ہوگی۔اسی طرح موٹرویز پر جہاں جہاں حفاظتی باڑ جہاں ٹوٹ چکی یا چوری ہو گئی ہے وہاں نئی کا بندوبست کیا جائے۔وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے آئی جی موٹرویز کو باڑ چوری کے کیسوں میں مقامی پولیس کے ہمراہ مکمل پیروی کی ہدایت کی۔

انہوں نے اس ضمن میں سیکرٹری مواصلات کو ایک ہفتے میں مربوط اقدامات کی رپورٹ پیش کرنے کابھی حکم دیا۔ اعلیٰ سطحی اجلاس میں وفاقی وزیر کو سینئر افسران نے موٹرویز پر بالخصوص حفاظتی باڑ کے اعداد و شمار سے آگاہ کیا اور ضروری محکمانہ امور پر بریفنگ دی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.