دین اسلام کی خدمت کرنیوالےقابلِ ستائش ہیں،پیر مظہر

دین اسلام کی خدمت کرنیوالےقابلِ ستائش ہیں،پیر مظہر

 

اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ دین اسلام کو پڑھانے والے ہر اعتبار سے قابلِ ستائش ہیں جنہوں نے اپنی زندگیوں کے روز وشب کو اللہ تبارک وتعالیٰ کے دین کی خدمت کے لیے وقف کیا ہوا ہے۔

دنیاوی و اخروی کامیابی کیلئےزندگی کے تمام مسائل میں رسول اﷲ ﷺ کے طور و طریق کے مطابق عمل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے جامعہ فریدیہ سی بی آر ٹاؤن اسلام آباد میں تکمیل صحیح بخاری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اطلاعات آزاد کشمیر مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ قرآن کریم ایک اصولی کتاب ہے۔ اس کا کام اصول وکلیات بیان کرنا ہے اور اس کی جزئیات ہمیں شارح قرآن، رسول کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی احادیث سے ملتی ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ احادیث اور سنت نبوی کے احکامات جن پر ہر مسلمان کا عمل کرنا ضروری ہے۔ یہ سب ان اسلاف اسلام کی محنت کا ثمر ہیں جنہوں نے رسول کریم ؐ کے فرمودات کو جمع کر کے تحریری شکل میں ہم تک پہنچایا۔ ہمارے لیے اسلامی تعلیمات کو سمجھنا اور اس پر عمل کرنا آسان بنا دیا۔

درحقیقت اللہ تعالیٰ نے ان خدام دین کو دین کی حفاظت کا سبب اور ذریعہ بنا دیا۔ مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ دین اسلام کی بنیاد اللہ کریم اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت ہے۔ یہ محبت ہی اسلام کی بنیاد اور اس کی اساس ہے۔

محبت کے اس تعلق کو پختہ کرنے والی دو اہم بنیادیں قرآن مجید اور حدیث مبارک ہیں، دونوں لازم و ملزوم ہیں بلکہ ناگزیر ہیں۔

****

Leave A Reply

Your email address will not be published.