میرپور ،جموں کشمیر رائٹرز فورم کے زیراہتمام پروقار تقریب 

میرپور ،جموں کشمیر رائٹرز فورم کے زیراہتمام پروقار تقریب

میرپور (کشمیر ایکسپریس نیوز) جموں کشمیر رائٹرز فورم کے زیراہتمام آزاد جموں کشمیر یونین آف کالمسٹس کے نو منتخب عہدیداران اور یارک شائیر ادبی فورم کی طرف سے ایوارڈ پانے والے آزاد جموں کشمیر کے معروف مزاح نگار شاعر پروفیسر عابد محمود عابد کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا.

تقریب کی صدارت یونین آف کالمسٹس کے مرکزی صدر ظفر مغل نے کی اور اپنے خطاب میں کہا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کے لیے اہل قلم کو موئثر کردار ادا کرنا ہوگا.معاشرے میں مثبت سوچ کو فروغ دینے اور معاشرتی برائیوں کی روک تھام میں کالم نگار اہم کردار ادا کرسکتے ہیں.

برصغیر میں مسلمانوں کے لیے الگ وطن کا خواب ایک شاعر نے ہی دیکھا تھا. پاکستان کا قیام علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر ہے.اب استحکام پاکستان اور ریاست جموں کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت دلوانے میں بھی شعراء اور کالم نگاروں کو قلمی محاذ پر بھرپور جدوجہد کرنی چاہیے .

یونین آف کالمسٹس کے مرکزی لیگل ایڈوائزر راجہ شبیر خان ایڈووکیٹ،میرپور ڈویژن کے صدر پروفیسر محمد صغیر آسی اور معروف مزاح نگار شاعر پروفیسر عابد محمود عابد تقریب میں مہمانان خصوصی تھے جبکہ یونین آف کالمسٹس کے مرکزی نائب صدر جمیل احمد شاہد، ڈویژنل نائب صدر قیصر تائب، ڈویژنل جوائنٹ سیکرٹری محترمہ طاہرہ شمیم، ڈویژنل ڈپٹی سیکرٹری آفتاب بزمی، ڈویژنل پریس سیکرٹری شیراز بخاری اور پرنٹرز ایسوسی ایشن میرپور کے نومنتخب صدر ارشد سیٹھی نے مہمانان اعزاز کے طور تقریب میں شرکت کی .

نظامت کے فرائض جموں کشمیر رائٹرز فورم کے سیکرٹری جنرل محمد فاروق خان جرال نے سرانجام دیئے.

محترمہ فضا عارف نے تلاوت قرآن پاک اورمقبول حسین آزاد نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پیش کرنے کی سعادت حاصل کی. مہمانان گرامی نےاظہار خیال کرتے ہوئے جموں کشمیر رائٹرز فورم کی طرف سے تقریب کے انعقاد کو کالم نگاروں اور شعراء کے مابین قربت اور یکجہتی کو فروغ دینے کی اچھی کاوش قرار دیا اور رائٹرز فورم کے عہدے داران کا شکریہ ادا کیا.

تقریب میں پروفیسر عابد محمود عابد ،پروفیسر صغیر آسی، راجہ شبیر خان،غلام سرور رانا، محمد فاروق خان جرال ،سید مسعود اعجاز بخاری، آفتاب بزمی ،آفاق احمد، حبیب الرحمن خوشابی، محترمہ تنویر ناز اور سلطان بٹ نےاپنا اپنا کلام پیش بھی پیش کیا.

ڈاکٹر عبدالغفار مرزا نے گذشتہ سال ماہ جنوری میں ہی رحلت فرما جانے والے جموں کشمیر رائٹرز فورم کے سابق سرپرست اعلیٰ ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مرزا زیداللہ فہیم اور حال ہی میں انتقال کر جانے والے معروف صحافی عبدالرزاق نیازی آف اسلام گڑھ کے لیے اور شہدائے جموں وکشمیر کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی.

تقریب میں سید قیصر شیراز کاظمی، ہمایوں مرزا، محبوب حسین مغل، راجہ جاوید گلبہار،سردار محمد مشتاق، اعجاز چودھری، لقمان مرزا، عنصر بشیر، محترمہ ارشاد ادریس، محترمہ تمنا حنان لون،حافظ محمد ایوب، عابد بھٹی، گلنار احمد، دانش گل اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کافی تعداد میں شرکت کی.

Leave A Reply

Your email address will not be published.