بھارتی جارحیت کاکرارہ جواب،آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو6سال مکمل

بھارتی جارحیت کاکرارہ جواب،آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو6سال مکمل
27فروری کی ذلت آمیز شکست کی یادیں ہندوتوا حکمرانوں کے ذہنوں میں آج بھی تازہ

اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز ) آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے نام سے27فروری 2019کو پاک فضائیہ کے ہاتھوں بھارتی ائر فورس کی ذلت آمیز شکست کی یادیں بھارت کے ہندوتوا حکمرانوں کے ذہنوں میں آج بھی تازہ ہیں

پاکستان کی اس منہ توڑ جوابی کارروائی کو 6 سال مکمل ہو گئے ہیں۔ آپریشن کے چھ سال مکمل ہونے پر جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 26فروری 2019 کو وزیر اعظم نریندر مودی کے حکم پر بھارتی ائر فورس نے بالاکوٹ پر بزدلانہ حملہ کیاتھا۔تاہم اگلے ہی دن 27فروری کو پاک فضائیہ نے اپنے آپریشن” سوئفٹ ریٹارٹ” کے ذریعے بھارت کے 2طیارے مار گرائے اور ایک بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو زندہ پکڑ کر بھارتی ائر فورس کو دھول چاٹنے پر مجبورکردیاتھا۔

آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ فسطائی مودی حکومت کی مہم جوئی کے ردعمل میں کیا گیا تھا ۔بھارتی فضائیہ نے 26فروری 2019کی شب پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بالاکوٹ میں ایک مدرسے کو نشانہ بنایا تھا ۔

پاک فضائیہ نے اس جارحیت کے جواب میں آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کیا اور ایک ڈاگ فائٹ میں بھارتی ائر فورس کے 2طیارے مار گرائے اور بھارتی پائلٹ ابھی نندن کوقیدی بنا لیا۔آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ نے بھارتی فضائیہ کو اس قدر الجھا دیا تھاکہ اس نے بوکھلاہٹ میں مقبوضہ جموںوکشمیر کے ضلع بڈگام میں اپنے ہی ایک ہیلی کاپٹر کو مار گرایا جس میں پائلٹ سمیت اس کا پورا عملہ ماراگیا۔

26فروری 2019کو بھارتی ائر فورس نے بالاکوٹ کے قریب ایک دینی مدرسے کو نشانہ بنایا جسے بھارت نے عسکریت پسندوں کا کیمپ قرار دیا تھا اور 300سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ تاہم پاکستان اور متعدد بین الاقوامی مبصرین نے اس دعوے کی نفی کی تھی کیونکہ وہاں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا اوربھارتی میزائل واضح طور پر اپنے اہداف کو نشانہ بنانے میں ناکام رہے تھے۔

آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 6 برس مکمل ہونے پر وزیراعظم شہبازشریف نے افواج پاکستان کی جرات وبہادری، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانی کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ 27 فروری2019 کو پاکستان ائیرفورس نے غیر متزل عزم سے دشمن کو ایک واضح پیغام دیا

دشمن کو بتایا گیا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کی حفاظت کی بھرپورصلاحیت رکھتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا ، افواج پاکستان کی ملک کی حفاظت کی خاطرقربانیوں کوقوم کبھی فراموش نہیں کرسکتی ، پاکستان علاقائی امن کو فروغ دینے کیلیے ہمیشہ کوشاں رہاہے ۔

Comments are closed.