ڈپٹی کمشنر پونچھ سردار عمر فاروق کی زیر صدارت ریونیو اجلاس، ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لیا
راولاکوٹ (کشمیر ایکسپریس نیوز)ڈپٹی کمشنر پونچھ سردار عمر فاروق کی زیر صدارت ریونیو افسران کا ایک اہم اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے ریونیو معاملات اور ماہانہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راولاکوٹ عثمان ممتاز بٹ، آفیسر مال پونچھ زاہد چوہان، چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیلداران اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔
اجلاس میں افسران کی جانب سے فیس انتقالات، نقولات، گرداوری، جمعبندی، کمپیوٹرائزڈ لینڈ ریکارڈ، سرکاری رقوم کی وصولی اور عوامی شکایات پر ہونے والی پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے فرداً فرداً افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور متعلقہ معاملات پر ہدایات جاری کیں۔
ڈپٹی کمشنر سردار عمر فاروق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریونیو سسٹم کو شفاف، تیز رفتار اور عوام دوست بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ مزید محنت اور لگن کے ساتھ کام کریں، دفاتر میں عوام کو بروقت ریلیف فراہم کریں اور شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ زمینوں کے ریکارڈ کی مکمل کمپیوٹرائزیشن نہ صرف شفافیت کو فروغ دے گی بلکہ عوامی اعتماد میں بھی اضافہ کرے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے اس امر پر زور دیا کہ تمام ریونیو افسران اپنے اپنے دائرہ اختیار میں ٹیم ورک اور بہتر رابطہ کاری کے تحت فرائض انجام دیں۔
انہوں نے افسران کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ فیلڈ وزٹ باقاعدگی سے کریں، زیر التوا کیسز کو جلد نمٹائیں اور عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔