ڈپٹی کمشنر پونچھ کی زیر صدارت انتظامی و سیکیورٹی امور پر اہم اجلاس، لاء اینڈ آرڈر، نان کسٹمز گاڑیوں، منشیات اور نیشنل ایکشن پلان پر تفصیلی غور
راولاکوٹ (کشمیر ایکسپریس نیوز)ڈپٹی کمشنر پونچھ سردار عمر فاروق کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ اور پولیس مجسٹریٹس کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع بھر کی امن و امان کی صورتحال، نان کسٹمز پیڈ گاڑیوں کے خلاف کارروائی، منشیات کی روک تھام، ایل او سی سیکیورٹی، ٹریفک نظم و ضبط اور نیشنل ایکشن پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس پونچھ محمد ریاض مغل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راولاکوٹ عثمان ممتاز بٹ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عباسپور عثمان صارم، اسسٹنٹ کمشنرز سردار مشتاق، سردار ولید انور، عاصم عباسی، ارباب شاہین، آفیسر مال زاہد چوہان، ڈی ایس پی سٹی سردار طارق، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر سردار اعجاز کے علاوہ تحصیلدار، ایس ایچ اوز اور دیگر افسران شریک ہوئے۔
ڈپٹی کمشنر سردار عمر فاروق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی امن، شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور قانون کی عملداری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی قانون شکن کے خلاف مؤثر کارروائی جاری رکھی جائے، منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے، اور ٹریفک نظم و ضبط کے لیے عوامی آگاہی مہم کے ساتھ عملی اقدامات کیے جائیں۔
اجلاس میں موجود تمام افسران نے اپنے اپنے دائرہ کار میں پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا