ڈی جی پی ایس بی یاسر پیرزادہ کا بیڈمنٹن کی رینکنگ بہتر بنانے کے لئے عملی اقدامات پر زور، پی بی ایف وفد کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) یاسر پیرزادہ سے واجد علی چوہدری کی قیادت میں پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے وفد نےملاقات کی۔ ملاقات میں بیڈمنٹن کے جونیئر و سینئر ٹورنامنٹس، کھلاڑیوں کو یکساں مواقعوں کی فراہمی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈی جی پی ایس بی یاسر پیرزادہ کا کہنا تھا کہ بیڈمنٹن میں دیگر کھیلوں کی طرح بھرپور پوٹینشل موجود ہے، اس کھیل کو فروغ دیکر نہ صرف ایشیاء بلکہ دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیڈمنٹن کی رینکنگ میں بہتری کے لیے ضروری ہے کہ شفاف ٹرائلز منعقد کیے جائیں اور بہترین صلاحیت کے حامل کھلاڑیوں کو قومی و بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کیے جائیں۔
انہوں نے وفد کو بتایا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ نے “ای-پورٹل” کا اجراء کر دیا ہے جس کے ذریعے اب پی ایس بی کی تمام سہولیات کے سمیت بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت کے لیے این او سی کا عمل آن لائن مکمل ہو سکے گا۔ بیرون ممالک پاکستان کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کے لئے این او سی کے اجرا کا عمل مزید آسان اور شفاف بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
وفد میں پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل راجہ اظہر اور خزانچی پرویز حبیب بٹ بھی شامل تھے۔