ثنا کے قاتل کو فوری سزا دی جائے،قدسیہ ناموس

اسلام آباد میں دن دہاڑے لڑکی کا قتل ریاست سیکورٹی اداروں کی ناکامی کا ثبوت ہے، مجرم کو فوری سزا دی جائے،قدسیہ ناموس ناظمہ حلقہ اسلام آباد ،حلقہ خواتین جماعت اسلامی

اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)اسلام آباد کے ایک رہائشی علاقے میں ٹک ٹاکر لڑکی کو گھر میں گھس کر قتل کر دینا ایک اندوہناک واقعہ ہی نہیں بلکہ وفاقی دارالحکومت کے امن و امان پر سوالیہ نشان ہے۔ یہ واقعہ اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ریاست اپنی ذمہ داری ادا کرے۔

 

ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد، قدسیہ ناموس نے اس وحشیانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے جرائم کی روک تھام صرف اسی صورت ممکن ہے جب انصاف فوری ہو اور مجرموں کو عبرتناک سزائیں دی جائیں۔

 

انہوں نے کہا کہ ملک کے سب سے حساس شہر میں اس نوعیت کا واقعہ نہ صرف ناقابلِ برداشت ہے بلکہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر بے خوف ہو چکے ہیں۔ اگر ایسے مجرم کھلے عام گھروں میں گھس کر جان لے سکتے ہیں اور بچ نکلنے کی امید رکھتے ہیں، تو یہ نظام کی مکمل ناکامی ہے۔

 

قدسیہ ناموس نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کر کے مجرم کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کی تاخیر، ظلم کی پشت پناہی کے مترادف ہے، اور اگر ریاست نے فوری اقدام نہ کیا تو ایسے واقعات معمول بن جائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.