وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان ناصر سے ملاقات
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان ناصر سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور اور جاری بجٹ سیشن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ اور وفاقی وزیر مواصلات کے مابین ملاقات میں مختلف سیاسی امور پر بھی بات چیت ہوئی جبکہ خطے کی موجودہ صورتحال، پاکستان کے کردار اور دیگر معاملات زیر غور آئے۔
بلوچستان میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے مختلف منصوبوں پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ کوئٹہ سے کراچی کے نیشنل ہائی وے این25پر تیزی سے کام کر رہے ہیں۔
طانہوں نے کہا کہ جغرافیائی اعتبار سے بلوچستان کے ذرائع مواصلات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور این ایچ اے کا ادارہ اس صوبے پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔
ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان ناصر نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو کوئٹہ کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اُن کی وزارت کی کارکردگی لائق ستائش ہے اور امید ہے کہ بلوچستان میں جاری منصوبوں پر جلد اور معیاری کام مکمل کیا جائے گا۔

Comments are closed.