پی پی میں شمولیت کے بعدصدرزرداری سےتنویرالیاس کی ملاقات

پی پی میں شمولیت کے بعد صدر زرداری سے تنویر الیاس کی ملاقات،اہم مشاورت

 

کراچی ( کشمیر ایکسپریس نیوز) آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی سیاسی وفد نے زرداری ہاؤس کراچی میں صدر پاکستان اور شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری سے اہم ملاقات کی۔

 

اس موقع پر مشیر جیل خانہ جات حکومت آزاد کشمیر سردار احمد صغیر، ممبر قانون ساز اسمبلی علی شان سونی اور سردار عمر تنویر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ملاقات کے دوران وفد نے پیپلز پارٹی کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے باضابطہ طور پر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

 

صدر آصف علی زرداری نے نئے شامل ہونے والے رہنماؤں کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا اور ان کے فیصلے کو کشمیری عوام کے ساتھ سیاسی ہم آہنگی کا ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔صدر زرداری کی ہمشیرہ اور پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صدر فریال تالپور، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، سینیئر رہنما سلیم مانڈوی والا، سابق صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان، فیصل ممتاز راٹھور، چوہدری محمد ریاض، سردار ضیا قمر،سردار افتخار رشید اور دیگر اہم قائدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

 

ملاقات کے دوران ملکی سیاسی و اقتصادی حالات، آزاد کشمیر کی صورتحال اور قومی سطح پر درپیش چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے سیاسی مفاہمت، اتحاد اور عوامی ریلیف کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے ایک مؤثر اور مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر زور دیا۔

 

سردار تنویر الیاس نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کشمیری عوام کے وسیع تر مفاد میں کیا گیا ہے تاکہ ایک مضبوط، مستحکم اور عوام دوست پلیٹ فارم سے ان کے حقوق کی مؤثر ترجمانی کی جا سکے۔

Comments are closed.