رفیق نئیر کی پی ٹی آئی آزاد کشمیرکی بنیادی رکنیت ختم

رفیق نئیر کی پی ٹی آئی آزاد کشمیرکی بنیادی رکنیت ختم

 

مظفرآباد (کشمیر ایکسپریس نیوز) پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر نے ایک بڑا سیاسی فیصلہ کرتے ہوئے ممبر قانون ساز اسمبلی چوہدری رفیق نئیر کی پارٹی کی بنیادی رکنیت ختم کر دی ہے۔ اس فیصلے کا باضابطہ نوٹیفکیشن پارٹی کے جنرل سیکرٹری میر عتیق الرحمن کی جانب سے جاری کیا گیا۔

 

پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر سردار عبد القیوم نیازی کی ہدایت پر یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔ پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور حقیقی ایم ایل اے چوہدری مقبول گجر نے کہا ہے کہ چوہدری رفیق نئیر مسلسل پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث تھے، جس کے باعث ان کے خلاف یہ سخت قدم اٹھانا ناگزیر ہو چکا تھا۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ چند ماہ قبل چوہدری رفیق نئیر کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا، مگر اس کے باوجود ان کے رویے اور سرگرمیوں میں کوئی بہتری نہیں آئی۔ چوہدری مقبول گجر نے واضح کیا کہ انہوں نے ذاتی طور پر بھی بارہا رفیق نئیر کے کردار اور طرزِ عمل کی قیادت کو نشاندہی کی تھی۔

 

“عمران خان نے انہیں عزت دی، لیکن وہ اس عزت کے اہل ثابت نہیں ہوئے”، چوہدری مقبول گجر نے شدید الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چوہدری رفیق نئیر سمیت تمام منحرف اراکین آئندہ انتخابات میں عوام کے سامنے نشانِ عبرت بنیں گے۔

 

چوہدری مقبول گجر نے اس موقع پر کہا کہ پی ٹی آئی آزاد کشمیر آئندہ انتخابات کے لیے بھرپور صف بندی کر رہی ہے۔ “سردار عبد القیوم نیازی کی قیادت میں ہم کشمیری عوام کو ایک بڑا سیاسی سرپرائز دیں گے”، ان کا کہنا تھا۔

 

آخر میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام اپنے محسن اور حقیقی سفیر عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں، اور آنے والا وقت تحریک انصاف کا ہے۔

 

 

Comments are closed.