جموں کی نسل کشی:ہندوتواکےایجنڈے کی پالیسی پر سیمینار

جموں کی نسل کشی: ہندوتوا کے ایجنڈے کی پالیسی” کے موضوع پر CISS-AJK کے زیر اہتمام سیمینار کا انعقاد

 

مظفرآباد( کشمیر ایکسپریس نیوز)مرکز برائے بین الاقوامی اسٹریٹیجک اسٹڈیز (CISS-AJK)کے زیراہتمام “جموں کی نسل کشی: ہندوتوا کے ایجنڈے کی پالیسی” کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیاگیا۔

 

سیمینار میں نامور ماہرین، پالیسی سازوں، انسانی حقوق کے کارکنان اور جموں نسل کشی کے عینی شاہدین نے شرکت کی۔ شرکاء نے نومبر 1947 کے دل دہلا دینے والے واقعات پر روشنی ڈالی اور ان کے اثرات کو آج کے بھارت کے نظریاتی، سیاسی اور عسکری ڈھانچے کے تناظر میں پرکھا۔

 

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سیدہ تحریم بخاری نے کہاکہ 1947 میں جموں میں نسل کشی جنوبی ایشیا کی تاریخ کا ایک تاریک باب ہے جو ہندوتوا پر مبنی ریاستی پالیسیوں کے آغاز کی علامت بھی ہے۔

 

جموں کی نسل کشی ایک ایسی سوچ کی پیدائش تھی جو آج بھارت کی سیاست و سماج میں سرائیت کر چکی ہے ۔ سیمینار میں سی آئی ایس ایس کی جانب سے ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جس میں مقبوضہ جموں و کشمیرمیں ریاستی سرپرستی میں جاری ظلم و ستم کو اجاگر کیا گیا۔

 

انسانی حقوق کی کارکن ممتاز ریسرچر محترمہ صبا غلام نبی نے اپنے خطاب میں کہا کہ 1947 کی جموں نسل کشی، بھارت کے موجودہ ہندوتوا نظریےاور اس کی متعصبانہ قوم پرستی کی بنیاد بنی۔

 

سابق ایڈیشنل سیکرٹری بشیر احمد چوہدری جو کہ جموں نسل کشی کے چشم دید گواہ بھی ہیں نے اپنے خطاب “جموں نسل کشی 1947 اور مسلمانوں کے خلاف منظم تشدد کے حوالے سے اپنی ذاتی روداد سنائی۔

 

انہوں نے بتایا کہ کس طرح سیاسی سازش اور منظم تشددکے مسلمانوں کی نسل کشی کی گئی ۔سابق صدر کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریزڈاکٹر مبین شاہ نے کہا کہ بھارت میں ریاستی اداروں کے ذریعے مسلمانوں کو منظم طور پر ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔

 

چیئرمین ساؤتھ افریکن کشمیری ایکشن گروپ ڈیوک سلمان خان نے کہاکہ آر ایس ایس کی ہندوتوا سوچ اب بھارتی ریاستی اداروں میں رچ بس چکی ہے، جس سے ریاست اور نظریے کے درمیان فرق مٹ گیا ہے۔

 

سیمینار کے اختتامی سیشن میں بانی و ایگزیکٹو ڈائریکٹر CISS-AJK ڈاکٹر اسماء شاکر خواجہ نے کہا کہ بھارت میں نظریے کی عسکریت پسندی نہ صرف علاقائی امن بلکہ عالمی استحکام کے لیے بھی خطرہ ہے۔

 

محترمہ سیدہ تحریم بخاری نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر ظلم و تشدد رکوانے کیلئے مؤثر کردار ادا کرے۔

Comments are closed.