آزاد کشمیرمیں نئی سیاسی بساط،فیصل راٹھور نے حلف اٹھا لیا

آزاد کشمیر میں نئی سیاسی بساط،فیصل راٹھور نے حلف اٹھا لی

 

مظفر آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز) آزاد جموں و کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھورنے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

 

ایوان صدر مظفر آباد میں منعقدہ حلف برداری کی تقریب میں سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چودھری لطیف اکبرنے نومنتخب وزیراعظم سے حلف لیا۔ تقریب میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام، ارکان اسمبلی، گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی شرکت کی۔

 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے 16ویں وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھورنے کہا کہ وہ آصف علی زرداری، فریال تالپور اور بلاول بھٹو زرداری کے شکر گزار ہیں جنہوں نے انہیں اس اہم ذمہ داری کے لیے منتخب کیا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ مشکل ترین حالات میں منصب سنبھالنا آسان نہیں، تاہم وہ آزاد کشمیر کے عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے پوری محنت کریں گے۔ انہوں نے پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فوج جانوں کی قربانیاں دے کر ملک کا دفاع کر رہی ہے۔

 

واضح رہے کہ گزشتہ روز آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں وزیراعظم چودھری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد فیصل ممتاز راٹھور نئے قائد ایوان منتخب ہوئے تھے۔ ووٹنگ میں 36 ارکان نے فیصل ممتاز کے حق میں جبکہ 2 نے مخالفت میں ووٹ دیا۔

 

چودھری انوار الحق کو پہلے استعفیٰ دینے کا پیغام بھیجا گیا تھا، تاہم انہوں نے مستعفی ہونے کے بجائے ایوان میں تحریک کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد پیپلز پارٹی نے باضابطہ طور پر تحریک عدم اعتماد جمع کرائی۔

 

تحریک سردار جاوید ایوب، چودھری قاسم مجید اور دیگر ارکان نے پیش کی تھی، جس میں فیصل ممتاز راٹھور کو متبادل قائد ایوان کے طور پر تجویز کیا گیا تھا۔

 

 

Comments are closed.