جماعت اسلامی کا تحریکِ آزادی کشمیر میں ایک اہم اور تاریخی کردار ہے،فیصل راٹھور
اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر و گلگت بلتستان ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے جموں کشمیر ہاؤس میں ملاقات کی۔
ملاقات میں مسئلہ کشمیر سمیت دیگر اہم قومی و ریاستی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل جمیل راٹھور اور ایس او صاحبزادہ یونس بھی موجود تھے۔
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یاسین ملک سمیت کشمیری قائدین اور حریت پسند عوام جو بھارتی جیلوں میں قید ہیں، ان کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ عالمی برادری اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں کو اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنے والدِ محترم کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے جموں و کشمیر کی آزادی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ اگرچہ ان کے پاس وقت کم ہے، تاہم وہ پوری سنجیدگی اور عزم کے ساتھ مسائل کے حل کے لیے اقدامات کریں گے۔
انہوں نے ملاقات کے دوران نشاندہی کیے گئے مسائل کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی۔وزیراعظم نے کہا کہ جماعت اسلامی کا تحریکِ آزادی کشمیر میں ایک اہم اور تاریخی کردار ہے جسے قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیر کی آزادی اور عوامی مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ جلد جماعت اسلامی کے مرکزی دفتر کا دورہ بھی کریں گے ۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے وزیراعظم کو منصبِ وزارتِ عظمیٰ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ تحریکِ آزادی کشمیر کو کامیابی کی منزل تک پہنچانے کے لیے بیس کیمپ کا اہم کردار ہے، اس لیے آزاد کشمیر میں افراتفری کے بجائے امن و استحکام کے فروغ سے تحریک آزادی کو تقویت ملے گی ۔
ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے مطالبہ کیا کہ پبلک سروس کمیشن کی جلد تکمیل کی جائے تاکہ میرٹ پر بیروزگار نوجوانوں کو روزگار مل سکے۔ الیکشن کمیشن کی تقرری عمل میں لا کر شفاف انتخابی عمل کی راہ ہموار کی جائے ۔
انہوں نے جہلم ویلی یونیورسٹی کیمپس کے مسائل کی جلد یکسوئی، طلبہ یونین کی بحالی کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے طلبہ یونین کے انتخابات کے شیڈول کے فوری اعلان کا مطالبہ بھی کیا۔
ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ مثبت اقدامات کی تحسین اور عوامی مسائل کی بروقت نشاندہی کی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کو جہلم ویلی کے حلقے کے دورے کی دعوت بھی دی۔

Comments are closed.