امریکہ ایران کیخلاف مزید جارحیت سے باز رہے،رفیق نئیر

امریکہ ایران کیخلاف مزید جارحیت سے باز رہے، منفی عالمی نتائج برآمد ہوں گے: رفیق نئیر

 

سماہنی(کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیر اطلاعات و اوقاف آزاد جموں و کشمیر رفیق نئیر نے کہا ہے کہ امریکہ کو ایران کے خلاف کسی بھی مزید جارحانہ کارروائی کی جرات نہیں کرنی چاہیے، کیونکہ ایسے اقدامات کے بین الاقوامی سطح پر نہایت منفی اور خطرناک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔

 

موجودہ حالات میں مسلم امہ کو تقسیم کے بجائے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایران کی کھل کر حمایت کرنی چاہیے۔

 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ سماہنی کے دوران صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگر امریکہ کی جانب سے کسی نئی مہم جوئی کا آغاز کیا گیا تو اس سے نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے امن کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

 

انہوں نے واضح کیا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے حوالے سے پاکستان کا جو بھی سرکاری مؤقف ہوگا، آزاد کشمیر کی حکومت اسی بیانیے کے ساتھ کھڑی رہے گی اور قومی مفادات کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

 

ایک سوال کے جواب میں رفیق نئیر نے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات پر تفصیلی موقف اختیار کرتے ہوئے بتایا کہ ان مطالبات کے حل کے لیے قائم کی گئی کمیٹی میں تین فریق شامل تھے، جن میں عوامی ایکشن کمیٹی کے نمائندگان، حکومت آزاد کشمیر اور وفاقی حکومت شامل ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ جن معاملات کا تعلق حکومت آزاد کشمیر کے دائرہ اختیار سے تھا، ان پر مکمل طور پر عمل درآمد کر دیا گیا ہے۔

 

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ ہیلتھ کارڈ سے متعلق مسئلہ مکمل طور پر حل ہو چکا ہے اور عوام اس سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔

 

اسی طرح ایئرپورٹ کے قیام کے حوالے سے حکومت آزاد کشمیر نے اپنے تمام مطلوبہ اقدامات مکمل کر لیے ہیں اور اس منصوبے سے متعلق ضروری دستاویزات پلاننگ کمیشن میں جمع کروا دی گئی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی ایئرپورٹ منصوبے کا عملی آغاز ہو جائے گا۔

 

رفیق نئیر کا کہنا تھا کہ حکومت آزاد کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی کے جائز مطالبات کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برت رہی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ، عملی اور نتیجہ خیز اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

 

حکومت کا بنیادی مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا اور خطے کی ہمہ جہت ترقی کو یقینی بنانا ہے۔

 

آخر میں انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے پُرعزم ہے اور قومی و بین الاقوامی امور میں پاکستان کے مؤقف کے مطابق ہی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

Comments are closed.