وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور کے کوٹلی میں بڑے اعلانات

کوٹلی (کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ کوٹلی کے عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور حکومت عملی اقدامات کے ذریعے بہتری لا کر دکھائے گی۔

 

کوٹلی میں گریٹر واٹر سپلائی اسکیم کی اپ گریڈیشن کی جائے گی تاکہ شہریوں کو صاف پانی کی بہتر سہولت فراہم کی جا سکے، جبکہ کوٹلی ڈسٹرکٹ ہسپتال کو اپ گریڈ کر کے 250 بیڈ کا ہسپتال بنایا جائے گا۔ سمروڑ میں خوراک ڈپو قائم کیا جائے گا اور حیدری پل سمروڑ کی تعمیر بھی عمل میں لائی جائے گی۔

 

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مظفرآباد، میرپور اور راولاکوٹ کی طرز پر کوٹلی رنگ روڈ تعمیر کی جائے گی جو شہر کے ٹریفک مسائل کے حل اور مجموعی ترقی کے لیے ایک انقلابی منصوبہ ثابت ہو گی۔ رولی کراس چوک پر فلائی اوور (اوور ہیڈ برج) کی فزیبلٹی تیار کی جائے گی جبکہ کوٹلی سے کھوئیرٹہ روڈ کو ’’مطلوب انقلابی روڈ‘‘ کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔

 

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کوٹلی کچہری گراؤنڈ میں پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے زیر اہتمام منعقدہ عظیم الشان عوامی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسے میں سیاسی، سماجی، بلدیاتی نمائندگان، وکلا، صحافیوں اور پارٹی کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جلسہ عوامی طاقت، نظریاتی وابستگی اور پارٹی اتحاد کا بھرپور مظاہرہ تھا۔

 

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہمارے پاس جادو کی چھڑی نہیں لیکن عوامی مسائل حل کر کے دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی بورڈ کے قیام، شیڈول بینک اور پراپرٹی ٹیکس سے متعلق مسائل ساٹھ دن کے اندر حل کیے جا چکے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔ مظفرآباد سیکرٹریٹ سمیت حکومت کے دروازے عوام کے لیے کھلے ہیں، ہر ضلع میں جا کر عوامی مسائل سنے جا رہے ہیں اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں کا پاکستان سے محبت اور وفاداری کا رشتہ کلمے کی بنیاد پر قائم ہے، جو مضبوط، اٹوٹ اور ناقابلِ تسخیر ہے۔ ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر محاذ پر پاکستان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے معرکۂ حق میں عظیم قربانیاں دینے پر مسلح افواج پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

 

راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ اس سیاسی و جمہوری نظام کو بچانا ہے اور اس نظام کے تحفظ میں پاکستان پیپلزپارٹی، آصف علی زرداری کی قیادت میں، اولین کردار ادا کرے گی۔ اقتدار میں آنے کا واحد راستہ جمہوری اور سیاسی عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم ممتاز راٹھور کے مختصر اقتدار کے باوجود آج بھی عوام انہیں یاد کرتے ہیں اور پیپلزپارٹی کی موجودہ حکومت گزشتہ حکومتوں پر بھاری ثابت ہو گی۔ عوامی مسائل ہر صورت حل کیے جائیں گے اور ریاست میں ترقی کا سفر جاری رکھا جائے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر میں 29 امیدواروں کے ساتھ ایک مضبوط اور منظم سیاسی جماعت کے طور پر کھڑی ہے۔ پیپلزپارٹی ریاست میں فری اینڈ فیئر الیکشن کو یقینی بنائے گی اور ایک بار پھر اقتدار میں آ کر عوامی خدمت کا مشن جاری رکھے گی۔

 

سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلزپارٹی محمد ہمایوں خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی پاکستان سے وابستگی قابلِ فخر ہے اور پیپلزپارٹی آئندہ بھی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر حکومت بنائے گی۔

 

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد یسین نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کی سب سے بڑی سیاسی قوت ہے۔ گزشتہ انتخابات میں تین نشستیں حاصل کی گئیں جبکہ آئندہ انتخابات میں چھ نشستیں جیتی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کوٹلی شہر کی نشست 46 سال بعد پیپلزپارٹی کو ملی اور آئندہ بھی یہ نشست پارٹی کے پاس رہے گی۔ شہر کے ٹریفک، صفائی اور پارکنگ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

 

وزیر مال چوہدری محمد اخلاق نے کہا کہ مالی نظم و ضبط اور شفافیت کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کو پایۂ تکمیل تک پہنچایا جا رہا ہے اور عوامی وسائل صرف عوامی فلاح پر خرچ کیے جا رہے ہیں۔

وزیر بلدیات چوہدری عامر یسین نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنا کر صفائی، نکاسی آب، پارکنگ اور ٹریفک جیسے مسائل حل کیے جائیں گے۔

وزیر خوراک، ٹیوٹا و کے ڈی اے جاوید اقبال بڈھانوی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، سیاست اور ریاست دونوں کو بچانا ہماری ذمہ داری ہے اور آئندہ حکومت بھی پیپلزپارٹی ہی بنائے گی۔ انہوں نے کوٹلی یونیورسٹی کو مطلوب انقلابی کے نام سے منسوب کرنے کے عوامی مطالبے کی حمایت کی۔

وزیر ہائر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک نے کہا کہ حکومت نے راج محل سمیت پسماندہ علاقوں کی محرومیوں کا خاتمہ کیا اور اربوں روپے سڑکوں، سفری سہولیات اور تعلیمی اداروں پر خرچ کیے گئے۔

وزیر اطلاعات، اوقاف و مذہبی امور محمد رفیق نئیر نے کہا کہ وزیراعظم کا کوٹلی میں فقیدالمثال استقبال عوامی اعتماد کا مظہر ہے اور آئندہ انتخابات میں میرپور ڈویژن کی تمام نشستیں پیپلزپارٹی جیتے گی۔

 

صدر جلسہ سابق چیئرمین پی ایس ایف راجہ محمد یسین نے کامیاب جلسے کے انعقاد پر پارٹی قیادت اور کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔

جلسے میں ڈسٹرکٹ کونسلر شاہنواز یسین نے سپاس نامہ پیش کیا۔

 

جلسے سے دیگر مقررین میں

سدرہ لطیف ایڈووکیٹ، نور صابرہ، ملک یوسف ایڈووکیٹ، محبوب چوہدری، سابق ایڈمنسٹریٹر چوہدری الیاس، میئر چوہدری تاج، صدر بار سردار آفتاب انجم، عبدالقیوم قمر ایڈووکیٹ، راجہ اظہر، سید فرحت کاظمی، چیئرمین ضلع کونسل عبدالغفور جاوید، پرویز اکبر، نصیر راٹھور ایڈووکیٹ، سردار عارف بشیر، محمد علی راٹھور ایڈووکیٹ، ملک ساجد ایڈووکیٹ، صاحبزادہ ذوالفقار، عامر شاہ، محمد ولید انقلابی شامل تھے جبکہ محمد رمضان چغتائی (ڈپٹی میئر میونسپل کارپوریشن میرپور) اور سینئر صحافی نعیم حسین بلوچ جلسہ میں شریک رہے۔

Comments are closed.