وزیراعظم آزاد کشمیر کا موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کا معائنہ

وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھورکا موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کا معائنہ

 

مظفرآباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیرفیصل ممتاز راٹھور نے خوراک کے معیار کو بہتر بنانے اور عوامی صحت کے تحفظ کے پیش نظر محکمہ خوراک کے لیے قائم کی گئی ڈویژنل موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کا تفصیلی معائنہ کیا۔

 

اس موقع پر وزیر خوراک جاوید اقبال بڈھانوی، وزیرتعلیم سکولز دیوان علی خان چغتائی وزیر مواصلات و تعمیرات عامہ سردار ضیا القمراور پرنسپل سیکرٹری ظفرمحمود بھی ان کے ہمراہ تھے۔

 

معائنے کے دوران سیکرٹری خوراک آزاد کشمیر سردار سہیل اعظم نے وزیراعظم کو میرپور، مظفرآباد اور پونچھ ڈویژنز کے لیے خریدی گئی موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

 

انہوں نے بتایا کہ ان جدید موبائل یونٹس میں ایکو ملک اینالائزر، آئل ٹیسٹومیٹر، موسچر اینلائزر، ٹربیڈیٹی میٹر سمیت دیگر جدید آلات نصب کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے اشیائے خوردونوش کے معیار، ملاوٹ اور انسانی صحت کے لیے نقصان دہ اجزاء کی فوری اور مؤثر جانچ ممکن ہو سکے گی۔

 

بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔

 

ان موبائل یونٹس کی مدد سے ہوٹلوں، ریستورانوں، بیکریوں اور دیگر عوامی مقامات پر تیار اور فروخت کی جانے والی اشیائے خوردونوش کے معیار کی جانچ نہ صرف آسان بلکہ قلیل مدت میں ممکن ہو جائے گی، جس سے ملاوٹ کے خلاف مؤثر کارروائی کو مزید تقویت ملے گی۔

 

اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کے قیام کو عوامی صحت کے تحفظ کیلئے ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

 

انہوں نے ہدایت کی کہ ان موبائل لیبارٹریز کو دور دراز اور پسماندہ علاقوں تک بھی فعال کیا جائے تاکہ دیہی آبادی بھی اس سہولت سے بھرپور استفادہ حاصل کر سکے۔

 

فوڈ اتھارٹی کی اگرچہ اعدودشمار کے اعتبار سے بہتر پراگرس ہے مگر فوڈ اتھارٹی کے تحت کی جانے والی کارروائیاں ریاست کے طول و عرض میں صحیح معنوں میں نظر آنی چاہیں اور اس سے عام آدمی کی صحت میں واضح فرق محسوس ہونا چاہیے۔

 

وزیراعظم آزادکشمیر نے ہدایت کی کہ خوراک کے معیار کی بہتری کو بہرصورت یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ اشیائے خوردونوش خصوصاً ڈیری مصنوعات جن میں pouch milk، کھلا دودھ، دہی وغیرہ میں ملاوٹ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،

 

بچوں کے استعمال کی اشیاء بالخصوص مشروبات، سنیکس، چپس اور پاپڑ سلانٹی وغیرہ تحت ضابطہ چیک کرتے ہوئے ریاست میں موثر کریک ڈاؤن کیا جائے۔

 

رمضان المبارک کی آمد کے تناظر میں اشیاء خوردوش کی خصوصی پڑتال عمل میں لائی جائے۔ غیر معیاری اشیاء خوردونوش کاکاروبار کرنے والوں کے خلاف بھرپور اور موثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔

 

تاکہ فوڈ اتھارٹی کی کارروائیوں کا صحیح معنوں میں Impact بھی نظر آئے۔ وزیراعظم نے مزید ہدایت دی کہ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے اقدامات کو مزید مؤثر اور مربوط بنایا جائے۔

 

عوامی صحت ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے اس میں کسی قسم کی کوتاہی و غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

Comments are closed.