وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کے تاریخی اعلانات، کہوٹہ اورملحقہ علاقوں کیلئے ترقیاتی منصوبوں کی بارش
حویلی(کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیرِ اعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہوٹہ، خورشید آباد اور ملحقہ علاقوں کی ہمہ جہت ترقی کیلئے بڑے اور تاریخی اعلانات کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوامی فلاح، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور پسماندہ علاقوں کی محرومیوں کے ازالے کو اپنی اولین ترجیح بنا چکی ہے۔
ان منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف رابطہ سڑکوں، تعلیم، کھیل اور بلدیاتی نظام میں بہتری آئے گی بلکہ عدالتی، مواصلاتی اور ڈیجیٹل سہولیات بھی میسر ہوں گی۔
وزیرِ اعظم نے اعلان کیا کہ ٹاؤن کمیٹی ممتاز آبادقائم کی جائے گی، جس سے مقامی سطح پر بلدیاتی مسائل کے حل میں تیزی آئے گی۔ علاقہ مکینوں کی دیرینہ مانگ پر نالہ چرون اور نالہ بھاٹا کوٹ پر جیپ ایبل پلوں کی تعمیر کی منظوری دی گئی تاکہ آمد و رفت میں آسانی اور دیہی آبادیوں کو سہولت حاصل ہو۔
انہوں نے ممتاز آباد میں اسپورٹس سٹیڈیم کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ تعلیمی شعبے میں اہم پیش رفت کے طور پر یونین کونسل بھیڈی میں ہائر سکندری اسکول اور نیابت (قانونی دفتر)کے قیام کا اعلان کیا گیا، جبکہ خورشید آباد انٹر کالج کو ڈگری کالج کا درجہ دینے کی منظوری بھی دی گئی۔
سڑکوں کی بہتری کے حوالے سے وزیرِ اعظم نے بتایا کہ کہوٹہ تا لا ڈنہ روڈکو 12 فٹ سے بڑھا کر 18 فٹ کیا جائے گا، جبکہ کہوٹہ تا فتح پور روڈ، کہوٹہ تا حاجی پیر روڈ اور لس ڈنہ تا حاجی پیر روڈکی ری کنڈیشننگ کی جائے گی۔ اسی طرح خورشید آباد تا ریجی روڈکی بھی از سرِ نو مرمت کی جائے گی۔
حویلی کے عوام کیلئے خوشخبری دیتے ہوئے وزیرِ اعظم نے ایس ای او نیٹ ورک اور انٹرنیٹ سروسز کی اپگریڈیشن کا اعلان کیا، جس سے ڈیجیٹل رابطوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔ شہری ترقی کے ایک اور اہم قدم کے طور پر کہوٹہ میونسپل کمیٹی کو میونسپل کارپوریشن کا درجہ دینے کا اعلان بھی کیا گیا۔
علاقے میں پلوں اور نکاسی آب کے مسائل کے حل کیلئے ریجی نالہ، موہری خورشید آباد اور گرلز ہائی اسکول ہلوں کے مقام پر نالے پر پلوں کی تعمیر، جبکہ تونگری پل کو آر سی سی میں تبدیل کرنے کیلئے فزیبلٹی اسٹڈی کروانے کا اعلان کیا گیا۔ اس کے علاوہ ٹھولانگڑ سولی پل کی تعمیر کی بھی منظوری دی گئی۔
عدالتی نظام کی بہتری کیلئے خورشید آباد میں سب جج کی عدالت قائم کرنے کا اعلان کیا گیا، جس سے عوام کو انصاف کی فراہمی میں آسانی پیدا ہوگی۔ شہری سہولیات کے ضمن میں خورشید آباد اور کالا مولا بازارمیں اسٹریٹ لائٹس لگانے کا اعلان بھی کیا گیا۔
وزیرِ اعظم نے مختلف تعلیمی اداروں کو نامور شخصیات کے نام سے منسوب کرنے کے اعلانات بھی کیے، جن میں:
گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کہوٹہ کو سابق وزیر چوہدری محمد عزیز کے نام سے منسوب کرنا، گرلز ہائی اسکول چڑی کوٹ کو چوہدری نذیر شہید کے نام سے منسوب کرنا،
گرلز ہائی اسکول خورشید آباد کو حوالدار حبیب اللہ مرحوم کے نام سے منسوب کرنا شامل ہے۔
وزیرِ اعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ یہ تمام منصوبے علاقے کی تقدیر بدلنے میں سنگ میل ثابت ہوں گے اور حکومت ان اعلانات پر بروقت عملدرآمد کو یقینی بنائے گی۔ عوامی حلقوں نے ان اعلانات کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ منصوبے جلد پایۂ تکمیل تک پہنچیں گے۔

Comments are closed.