آزاد کشمیرکی معاشی ترقی اولین ترجیح،فیصل راٹھور

آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری و معاشی ترقی حکومت کی اولین ترجیح، وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور

 

اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار طاہر محمود کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی ۔

 

وفد میں سینئیر نائب صدر طاہر ایوب، نائب صدر چوہدری عرفان، سابق صدر اعجاز عباسی، سابق سینئیر نائب صدر محمد نوید ملک، ایگزیکٹو ممبران ملک نجیب، ذوالقرنین عباسی، اسحاق سیال، اظہر عباسی، سردار امجد اور رب نواز طاہر شامل تھے ۔

 

اس موقع پر پولیٹیکل اسسٹنٹ سید عزادار حسین کاظمی اور پی ایس او عثمان ممتاز بٹ اور ایس او صاحبزادہ یونس بھی موجود تھے ۔وفد نے وزیراعظم کو گلدستہ پیش کیانصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

 

وفد سے گفتگو کرتے ہوے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ آزاد کشمیر کی معاشی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری طبقے کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جیسے نمائندہ اداروں کے ساتھ قریبی روابط سے نہ صرف آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ ہوگا۔

 

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کاروبار دوست ماحول، ٹیکس اصلاحات، انفراسٹرکچر کی بہتری اور سیاحت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

 

وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے وفد کو یقین دلایا کہ تاجروں اور صنعتکاروں کی تجاویز کو پالیسی سازی میں شامل کیا جائے گا اور باہمی تعاون کے ذریعے آزاد کشمیر کی معیشت کو مستحکم کیا جائے گا۔

 

وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حکومت خطے میں پائیدار ترقی کے لیے نجی شعبے کو کلیدی شراکت دار سمجھتی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ صنعت، تجارت، توانائی، سیاحت اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھا کر معیشت کو نئی سمت دی جا سکتی ہے۔

 

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن، شفاف پالیسیوں اور قانونی تحفظ کی فراہمی کو یقینی بنائے گی تاکہ کاروباری برادری بلا خوف و تردد سرمایہ کاری کر سکے۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کے قدرتی وسائل اور افرادی قوت کو بروئے کار لا کر خطے کو معاشی طور پر خود کفیل بنانے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔

 

اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار طاہر محمود نے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کو چیمبر آف کامرس کے دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی ۔

 

اس موقع پر سردار طاہر محمود نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیمبر آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔

 

انہوں نے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت اور ترقیاتی وژن کو سراہا اور آزاد کشمیر کی ترقی میں کاروباری برادری کے مثبت کردار کی یقین دہانی کرائی۔

Comments are closed.