شدیدبارش وبرفباری،محکمہ شاہرات ہائی الرٹ،ہنگامی اقدامات

شدید بارش و برفباری، محکمہ شاہرات ہائی الرٹ، سڑکوں کی بحالی کیلئے ہنگامی اقدامات

باغ(کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیر مواصلات و تعمیرات عامہ سردار ضیاءالقمر نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں گزشتہ رات سے جاری شدید بارش اور برفباری کے دوسرے اسپیل کے پیش نظر محکمہ مواصلات و تعمیرات عامہ (شاہرات) کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے

 

اور تمام اضلاع میں ایگزیکٹو انجینئرز اور فیلڈ اسٹاف کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور عوام الناس کو بلا تعطل سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت متحرک ہیں۔

 

وزیر مواصلات و تعمیرات عامہ نے کہا ہے کہ عوام الناس موجودہ شدید موسمی صورتحال کو صبر و تحمل کے ساتھ برداشت کریں۔

 

انہوں نے کہا کہ محکمہ شاہرات دستیاب وسائل کو بروئے کار لا رہا ہے تاکہ ہر ممکن کوشش کی جا سکے کہ عوام الناس کو بلا تعطل سفری سہولیات میسر ہوں، تاہم حالیہ شدید ترین برفباری اور بارش کے باعث پہاڑی علاقوں میں بالخصوص روڈ نیٹ ورک بری طرح متاثر ہوا ہے۔

 

وزیر مواصلات و تعمیرات عامہ نے کہا ہے کہ محکمانہ ترجیحات میں پہلے مرحلے میں مین اور بین الضلعی شاہرات کو ٹریفک کے لیے بحال رکھا جائے گا، جبکہ دوسرے مرحلے میں علاقائی لنک روڈز کی بحالی جلد از جلد کی جائے گی تاکہ عوام کو سہولت اور آسانی فراہم کی جا سکے۔

 

وزیر مواصلات و تعمیرات عامہ نے کہا ہے کہ وہ عوام الناس کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں اور اس سلسلے میں محکمہ شاہرات کے افسران، عملہ اور بالخصوص فرنٹ لائن ورکروں کی پیشہ ورانہ محنت اور جذبہ خدمت کو سراہتے ہیں تاکہ ہر مشکل موسم میں عوام کی خدمت اور سفری سہولیات کو یقینی بنایا جا سکے۔

 

وزیر مواصلات و تعمیرات عامہ نے کہا ہے کہ عوام کی سلامتی اور آسانی ہماری اولین ترجیح ہے، اور محکمہ ہر مشکل موسم میں عوام کے لیے مکمل طور پر تیار اور ہائی الرٹ رہے گا۔

Comments are closed.