میرپور میں 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر جوش و جذبے سے منایا جائے گا
میرپور(کشمیر ایکسپریس نیوز)ڈپٹی کمشنر راجہ محمد صداقت نے کہا ہے کہ 05فروری کوضلع میرپور میں یوم یکجہتی کشمیر بھرپورجوش وجذبے،ملی بیداری کے ساتھ منایا جائے گا۔
منگلا پل پر ٹھیک 10 بجے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سائرن بجائے جائیں گے اور ایک منٹ کی خاموشی کے بعد کشمیری اور پاکستانی عوام ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر انسانی زنجیر بنائیں گے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر منگلا پل پر شرکاء پاکستان اور آزادکشمیرکے قومی پرچم لہرائیں گے۔جس میں سیاسی و سماجی جماعتوں،انجمن تاجراں،چیمبر آف کامرس،وکلاء،کونسلرز،ملازمین کی تنظیموں،صحافیوں،سول سوسائٹی،سکولوں اور کالجوں کے اساتذہ،طلبا ء اور دیگر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے
اور دنیا پر ثابت کریں گے کہ کشمیری اور پاکستانی ایک جان و قلب ہیں جنھیں دنیا کی کوئی طاقت جدا نہیں کرسکتی۔یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں 05فروری صبح کا آغاز مساجد میں دعائیہ تقریبات سے ہوگا۔
اس بات کا فیصلہ ڈپٹی کمشنر راجہ محمد صداقت خان نے یوم یکجہتی کشمیر کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں ایس ایس پی خرم اقبال،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعیم اختر، جملہ سرکاری و نعیم سرکاری اداروں کے افسران،انجمن تاجراں،ٹرانسپورٹر ز سمیت دیگر محکموں کے ملازمین تنظیموں کے اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں یکم فروری سے ہفتہ یکجہتی کشمیر منایاجائے گا اس سلسلہ میں سکولوں،کالجوں،یونیورسٹیوں میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے مختلف تقریری مقابلہ جات،سیمینار وغیرہ منعقد کیے جائیں گے
جبکہ 04فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے حوالے سے چوک شہیداں میں بعد از نماز مغرب شمعیں روشن کی جائیں گی جبکہ سرکاری و نیم سرکاری اداروں،دکانوں، چوک چوراہوں اور مین سڑکات پر پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم لہرائے جائیں گے۔
منگلا باب سلطان پر چراغاں کیا جائے گا اور منگلا پل کو پاکستان اور آزادکشمیر کے جھنڈوں سے سجایا جائے گا۔یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں جموں وکشمیر لبریشن سینٹر کے زیر اہتمام منگلا پل پر دستخطی مہم کا انعقاد کیاجائے گا جبکہ محکمہ سپورٹس کے زیر اہتمام کھیلوں کے مختلف مقابلہ جات کروائے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے مختلف محکموں کو یوم یکجہتی کشمیر کی قومی تقریب کو کامیاب بنانے کے لیے ذمہ داریاں عائد کیں اور ہدایات دیں کہ جملہ سرکاری ونیم سرکاری محکموں کے سربراہان اور سٹاف یوم یکجہتی کشمیر کے مرکزی پروگرام میں بھرپور طریقے سے شرکت کو یقینی بنائیں۔
یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے محکمہ صحت عامہ کے زیر اہتمام خون کے عطیات جمع کرنے کے لیے کیمپ لگائے جائیں گے۔
ایس ایس پی خرم اقبال نے کہا کہ 05فروری یوم یکجہتی کشمیر کو ملی بیداری کے ساتھ منایا جائے گا۔اس حوالے سے منگلا او دھان گلی پل پر منعقدہ تقریب میں سیکورٹی اور ٹریفک کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔
انھوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ 05فروری صبح 9.30بجے سے 10.30تک منگلا پل سے گزرنے میں احتیاط کریں چونکہ یوم یکجہتی کشمیر کی مرکزی تقریب منگلا پل پر منعقد ہوتی ہے جس کے باعث کچھ ٹائم پل سے ٹریفک کا تعطل پیدا ہوتا ہے۔
ڈپٹی کمشنر راجہ محمد صداقت خان نے ضلع میرپور کی سیاسی سماجی، مذہبی جماعتوں، سول سوسائٹی، وکلاء،انجمن تاجراں،چیمبر آ ف کامرس اینڈ انڈسٹریز،ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے نمائندگان،صحافیوں سمیت سرکاری ونیم سرکاری ملازمین سے کہاہے کہ وہ 05فروری یوم یکجہتی کی تقریبات میں قومی اور ملی بیداری کا ثبوت دے کر تحریک آزادی کشمیر اور پاکستان سے کشمیر یوں کے لازوال رشتہ کو پروان چڑھائیں۔

Comments are closed.