8فروری،عوام دشمن حکمرانوں کیخلاف احتجاج کرینگے،قیوم نیازی

عوام دشمن حکمرانوں کے خلاف 8 فروری کو ملک گیر احتجاج کرینگے ،سردار عبد القیوم نیازی کا اعلان

 

اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر اور سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی سے سینئر نائب صدر میاں شفیق جھاگوی، جنرل سیکرٹری میر عتیق الرحمن، نائب صدر سید ذیشان حیدر، سیکرٹری اطلاعات سید اظہر گیلانی ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری عنصر پیرزادہ و دیگر قائدین نے ملاقات کی۔

 

ملاقات میں قائد پاکستان عمران خان کی ہدایات کے تحت 8 فروری کو ملک گیرسٹریٹ موومنٹ کی حکمت عملی، تنظیمی امور اور آئندہ انتخابات کی تیاریوں پر تفصیلی اور فیصلہ کن بات چیت ہوئی۔

 

سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ موجودہ حکمران ٹولہ عوام کو مہنگائی، بیروزگاری اور بدترین طرز حکمرانی کے سوا کچھ نہیں دے سکا۔ عمران خان واحد لیڈر ہیں جو حقیقی معنوں میں عوام کے حقوق کے لیے لڑ رہے ہیں۔پی ٹی آئی آزاد کشمیر کا ہر کارکن اس تحریک کا سپاہی ہے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ عوام دشمن، کرپٹ اور مسلط شدہ نظام کے خلاف بھرپور اور منظم جدوجہد کی جائے گی۔ 8 فروری کو ملک گیر احتجاج کے ذریعے عوام کو اپنی طاقت دکھانے کا بھرپور موقع ملے گا۔ یہ تحریک صرف سیاسی احتجاج نہیں بلکہ عوام کے بنیادی حقوق کی حقیقی جنگ ہے۔

 

سردار عبد القیوم نیازی نے کارکنان کو ہدایت کی کہ عوام کی بھلائی، مہنگائی کے خاتمے اور ملک میں شفاف حکمرانی کے لیے کسی بھی قربانی سے گریز نہ کریں اور قائد پاکستان عمران خان کے عزم کے مطابق پوری توانائی کے ساتھ جدوجہد جاری رکھیں

 

ملاقات میں پارٹی رہنماﺅں نے بھی عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے، تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور تحریک کو کامیاب بنانے کے لیے ہر سطح پر بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔

Comments are closed.