سیڈرک گربیہائے کی کتابKashmir Wait and Seeکی تقریب رونمائی

سیڈرک گربیہائے کی کتاب“Kashmir Wait and See” کی تقریب رونمائی ،وزیر اعظم کی شرکت

 

مظفرآباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیرفیصل ممتاز راٹھور نے جموں و کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام یورپی صحافی و مصنف سیڈرک گربیہائے کی کتاب “Kashmir – Wait and See” کی رونمائی کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی،

 

اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے مصنف و بین الاقوامی فوٹو جرنلسٹ سیڈرک گربیہائے کی کتاب “Kashmir – Wait and See” میں کشمیر سے متعلق شائع تصاویر کا مشاہدہ کیا اور مصنف کے فن کو سراہا۔

 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئےمصنف و بین الاقوامی فوٹو جرنلسٹ، کتاب “Kashmir – Wait and See” کے خالق سیڈرک گربیہائے نے کہا، یہ کتاب اور تصویری سلسلہ ان کی کئی برسوں کی محنت کا مظہر ہے جس کا مقصد کشمیری عوام کی زندگی، احساسات اور انسانی حقوق کی صورتحال کو دنیا کے سامنے لانا ہے،

 

فوٹوگرافی دو طرفہ ابلاغ کا ذریعہ ہے جو دیکھنے والے کو حقیقت کو قریب سے محسوس کرنے کا موقع دیتی ہے، اور یہ کاوش ایک بہتر اور پرامن مستقبل کی جانب مثبت قدم ثابت ہوگی۔

 

کوآرڈینیٹر کشمیر کونسل یورپی یونین و منتظم تقریب علی رضا سید نے کہا، اس منصوبے کا آغاز 2017 میں سیڈرک گربیہائے نے کیا اور اس کتاب کی تکمیل میں تقریباً آٹھ سال لگے، اس کا مقصد مقبوضہ کشمیر، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوامی حالات کو بصری انداز میں دنیا کے سامنے لانا اور نئی نسل کو آگاہی فراہم کرنا ہے کیونکہ تصاویر خود بولتی ہیں، اور نمائش کو یورپ کے مختلف دارالحکومتوں میں بھی پیش کیا جا رہا ہے۔

 

ہنگری سے تعلق رکھنے والے صحافی اینڈرے بارکس نے کہا، تصویری نمائش میں کشمیری عوام کی روزمرہ زندگی اور درپیش مشکلات کو مؤثر انداز میں دکھایا گیا ہے، یہ تصاویر مختلف سماجی اور انسانی موضوعات کا احاطہ کرتی ہیں اور عوامی مصائب کی بھرپور عکاسی کرتی ہیں، اور ایسی کاوشیں یورپ میں مسئلہ کشمیر کو سمجھنے میں مدد دیتی ہیں۔

 

سابق رکن یورپی پارلیمنٹ، سویڈن بیورن اینڈرز ہلٹن نے کہا، یہاں آ کر پاکستان اور کشمیر کے حالات کا قریب سے جائزہ لینے کا موقع ملا اور مسئلہ کشمیر سنجیدہ نوعیت کا معاملہ ہے جس پر عالمی توجہ ضروری ہے۔

 

سابق رکن یورپی پارلیمنٹ، پولینڈ ریزارڈ ہنرک چرنیسکی نے کہا، یہ ان کا خطے کا پہلا دورہ ہے جس میں انہیں زمینی حقائق دیکھنے کا موقع ملا، تصویری نمائش انسانی پہلوؤں کو مؤثر انداز میں اجاگر کرتی ہے، اور فن و صحافت عالمی مکالمے کو فروغ دینے کا اہم ذریعہ ہیں،

 

تقریب میں بیلجیئم سے تعلق رکھنے والے کتاب کے مصنف و صحافی سیڈرک گربے، نیدرلینڈز کی انسانی حقوق کی کارکن مارجان لوکاس، صحافی انا اولیگوونا، پولینڈ کے سابق رکن یورپی پارلیمنٹ ریزارڈ ہنرک چرنیسکی، سویڈن کے سابق رکن یورپی پارلیمنٹ بیورن اینڈرز ہلٹن، بیلجیئم سے تعلق رکھنے والے کارل ہلٹن اور ہنگری کے صحافی اینڈرے بارکس پر مشتمل وفد بھی موجود تھا۔

 

تقریب میں وزیر ہائیر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک ، سیکرٹری صاحبانِ حکومت انصر یعقوب خان، محترمہ تہذیب النساء، مرزا عامر محمود، کوآرڈینیٹر پولیٹیکل افیئرز برائے وزیراعظم آزاد کشمیر سید اعزادار کاظمی، ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر شوکت جاوید میر، ڈائریکٹر لبریشن سیل راجہ سجاد سمیت دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔

Comments are closed.