دہیرکوٹ،آتشزدگی،الطاف مارکیٹ کی 11 دکانیں جل کر خاکستر
دہیرکوٹ میں آتشزدگی کا افسوسناک واقعہ: فائر بریگیڈ نہ پہنچ سکی، الطاف مارکیٹ کی 11 دکانیں جل کر خاکستر
دھیرکوٹ (کشمیر ایکسپریس نیوز)نیلا بٹ روڈ پر واقع الطاف مارکیٹ میں آج صبح تقریباً تین بجے اچانک شدید آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری مارکیٹ کو لپیٹ میں لے لیا۔ فائر بریگیڈ کی گاڑی اور آگ بجھانے کے لیے خاطر خواہ انتظامات نہ ہونے کے باعث گیارہ دکانیں مکمل سامان سمیت جل کر خاکستر ہو گئیں، جس سے لاکھوں روپے مالیت کا نقصان ہوا۔
عینی شاہدین کے مطابق آگ انتہائی تیزی سے پھیلی اور شعلے آسمان سے باتیں کرنے لگے۔ آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہ ہو سکیں، تاہم مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت فائر بریگیڈ اور ریسکیو سہولیات موجود ہوتیں تو اس بڑے سانحے سے بچا جا سکتا تھا۔
واقعے کے بعد علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کی اور پانی، ریت اور دیگر دستیاب ذرائع استعمال کیے گئے، مگر شدید آگ کے باعث نہ صرف دکانیں بلکہ ان میں موجود قیمتی سامان بھی مکمل طور پر راکھ ہو گیا۔
متاثرہ دکانداروں نے بتایا کہ ان کی زندگی بھر کی جمع پونجی چند گھنٹوں میں جل کر ختم ہو گئی۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور حکومت سے فوری امداد، نقصانات کے ازالے اور متاثرین کے لیے معاوضے کا مطالبہ کیا ہے۔
اہل علاقہ نے دہیرکوٹ میں فائر بریگیڈ اور ہنگامی سہولیات کی عدم دستیابی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ اس غفلت نے 11 خاندانوں کو معاشی طور پر تباہ کر دیا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر علاقے میں فائر بریگیڈ کا مستقل انتظام کیا جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے سانحات سے بچا جا سکے۔
انتظامیہ کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور آگ لگنے کی اصل وجہ جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

Comments are closed.