کھوئیرٹہ کچہری میں دفترِصدرتحصیل بارکاسنگِ بنیادرکھ دیاگیا

وزیر اطلاعات، مذہبی امور و اوقاف آزاد جموں و کشمیر چوہدری محمد رفیق نئیر نے کھوئیرٹہ کچہری میں دفترِ صدر تحصیل بار کھوئیرٹہ کا سنگِ بنیاد رکھ دیا

 

کھوئیرٹہ (کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیر اطلاعات، مذہبی امور و اوقاف آزاد جموں و کشمیر چوہدری محمد رفیق نئیر نے کھوئیرٹہ کچہری میں دفترِ صدر تحصیل بار کھوئیرٹہ کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔

 

اس موقع پر منعقدہ سادہ مگر پروقار تقریب میں صدر تحصیل بار کھوئیرٹہ ظہور الحق ایڈووکیٹ، تحصیل بار کے تمام عہدیداران، سینئر و جونیئر وکلاء کی بڑی تعداد اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔

 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات چوہدری محمد رفیق نئیر نے کہا کہ وکلاء برادری معاشرے میں قانون کی بالادستی، انصاف کی فراہمی اور جمہوری اقدار کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔

 

وکلاء کے لیے بہتر سہولیات کی فراہمی حکومتِ آزاد کشمیر کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، تاکہ وہ اپنے پیشہ ورانہ فرائض مزید مؤثر انداز میں انجام دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ دفترِ صدر بار کا قیام وکلاء کو ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرے گا جس سے انتظامی امور میں بہتری آئے گی اور وکلاء برادری کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔

 

صدر تحصیل بار کھوئیرٹہ ظہور الحق ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں وزیر اطلاعات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دفترِ صدر بار کا سنگِ بنیاد کھوئیرٹہ کی وکلاء برادری کے لیے ایک تاریخی قدم ہے۔

 

اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف وکلاء کو سہولت میسر آئے گی بلکہ عدالتی ماحول مزید منظم اور فعال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل بار کھوئیرٹہ ہمیشہ قانون کی حکمرانی اور عوام کو انصاف کی فراہمی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔

 

دیگر مقررین نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حکومتِ آزاد کشمیر کی جانب سے وکلاء برادری کے مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل ہو گا۔

 

آخر میں وزیر اطلاعات چوہدری محمد رفیق نئیر نے سنگِ بنیاد کی تختی کی نقاب کشائی کی اور منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

Comments are closed.