وزیراعظم کی بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت

اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی جانب سے ہونے والے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کی ہے اور ان بزدلانہ کارروائیوں میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

اپنے خصوصی بیان میں وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ دہشت گردی ایک ناسور ہے جس کا کسی مذہب، قوم یا انسانیت سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن عناصر پاکستان کے امن، استحکام اور یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوششیں کر رہے ہیں، تاہم قوم اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ان سازشوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گی۔

 

انہوں نے کہا کہ قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کی پشت پر ہے اور ان کے ہمت و حوصلے کی داد دیتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک قوم اپنی بہادر پاک فوج کی پشت پر ہے ۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ بلوچستان میں ہونے والے دہشت گرد حملے دراصل پاکستان کی ترقی اور امن کے خلاف کھلی جارحیت ہیں، جن کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

فیصل ممتاز راٹھور نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی

Comments are closed.