کابینہ اجلاس،9ارب سے زائد کے15میگامنصوبےمنظور

کابینہ اجلاس،9ارب سے زائد کے15میگامنصوبےمنظور

 

مظفر آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیراعظم آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیرِ صدارت آزاد جموں کابینہ ترقیاتی کمیٹی کا مالی سال 2025-26 کا تیسرا اجلاس۔ محکمہ صحت عامہ، ہائر ایجوکیشن اور کیمونیکیشن اینڈ ورکس کے 9 ارب 59 کروڑ، 65 لاکھ 75 ہزار روپے کے 15 منصوبہ جات منظور۔

 

اجلاس میں محکمہ صحت عامہ کے 4، ہائیر ایجوکیشن کا 1 اور کیمونیکیشن اینڈ ورکس کے 10 منصوبہ جات پیش کیے گیے۔ اجلاس جمعرات کے روز وزیراعظم سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا

 

جس کے آغاز میں مرحوم صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے بلندی درجات کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ بعد ازاں ترقیاتی جائزہ اجلاس میں صحت، ہائیر ایجوکیشن تعلیم اور مواصلات و تعمیرات کے شعبوں سے متعلق بڑے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔

 

اجلاس میں موسٹ سینیر وزیر میاں عبدالوحید، وزرائے حکومت، چیف سیکرٹری خوشحال خان اور سیکرٹری صاحبان حکومت نے شرکت کی۔ ترقیاتی جائزہ اجلاس میں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، صحت کے نظام میں بہتری، تعلیمی ڈھانچے کی بہتری اور سڑکوں کے نیٹ ورک کو مؤثر بنانے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

 

اجلاس میں صحت کے شعبے میں MNCHکے منصوبے کی منظوری دی گئی۔ علاوہ ازیں مظفرآباد، پونچھ اور میرپور ڈویژن کے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتالوں میں آپریشن تھیٹرز اور نرسری یونٹس کے قیام کی منظوری دی گئی،جس کی بدولت آزاد کشمیر کی تینوں ڈویژنوں میں صحت کی سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی۔

 

اجلاس میں ہائیر ایجوکیشن کے شعبے میں یونیورسٹی آف حویلی کے بنیادی ڈھانچے تعمیر کی منظوری دی گئی،مواصلات و تعمیرات عامہ کے شعبے میں متعدد بڑے منصوبوں کی منظوری بھی دی گئی،

 

جن میں شامل ضلع نیلم میں 24 کلومیٹر لنک روڈز کی تعمیر و بحالی اور ایک ملحقہ پل کی تعمیر، مظفرآباد شہر کے اہم چوکوں (سی ایم ایچ چوک اور علامہ اقبال برج چوک) کی ری ماڈلنگ، ضلع مظفرآباد میں 24.51 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر و بہتری، شہید گلی سیری کوٹ روڈ کی 7 کلومیٹر بلیک ٹاپنگ،

 

پونچھ زون میں سڑکوں کی دیکھ بحال اور لینڈ سلائیڈنگ کلیئرنس کے لیے مشینری کی خریداری، ضلع کوٹلی میں 45 کلومیٹر مجموعی لنک روڈز کی تعمیر و بحالی، ضلع حویلی میں 13.75 کلومیٹر لنک روڈ اور 190 میٹر اسپین پل کی تعمیر سمیت ضلع پونچھ میں سون منجھاری ترار کھل روڈ (پارٹ I اور II)

 

کی بلیک ٹاپنگ کے ساتھ ساتھ ضلع میرپور میں منگلا سے صاحب چک تک 3.25 کلومیٹر ڈوئل کیرج وے کی تعمیر و بہتری کی منظوری دی گئی۔

 

اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تمام منصوبے بروقت، شفاف اور معیاری انداز میں مکمل کیے جائیں گے تاکہ عوام کو جلد از جلد ان کے ثمرات میسر آ سکیں۔

 

وزیراعظم آزاد کشمیرفیصل ممتاز راٹھور نے ترقیاتی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کی بہتری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ صحت کے شعبہ میں بہتری کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں،

 

منظور شدہ ترقیاتی منصوبے عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تشکیل دیے گئے ہیں، دور آفتادہ اور شہری آبادی کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔

 

انہوں نے کہا کہ حکومت وسائل اجتماعی ضروریات کو مدنظر رکھ کر بروئے کار لائے گی، صحت عامہ کو ترجیح بنایا ہے، صحت کے محکمہ کو بہتر بنا کر صحت عامہ کی مشکلات کا خاتمہ کیا ہے، شفافیت کو ترجیح اول بنایا ہے،

 

پیپلزپارٹی شہدا کی جماعت ہے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی خدمت کے لیے تاریخ ساز اقدامات کیے ہیں، عوام کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے، انھوں نے کہا کہ حکومت فلاح عامہ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔

۔۔

 

Comments are closed.