ضلعی انتظامیہ گاڑیوں کے پرمنٹس اور فٹنس سرٹیفکیٹس کی چیکنگ کو یقینی بنائیں،شاہ غلام قادر
نیلم(کشمیر ایکسپریس نیوز)صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر وممبرقانون سازاسمبلی شاہ غلام قادر نے نیلم میں حادثات کی روک تھام اور ٹرانسپورٹ قوانین پر عملدرآمد کے حوالے سے پی ڈبلیو ڈی گیسٹ ہاؤس آٹھ مقام میں ضلعی انتظامیہ سے بریفنگ لی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ندیم احمد جنجوعہ، ایس پی خواجہ محمد صدیق، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر غلام نبی، ایس ڈی او شاہرات الطاف اعوان، ڈسٹرکٹ کونسلر میاں عبد القدوس اسحاقی،وکلاء، صحافی، سول سوسائٹی اور مسلم لیگ ن کے کارکنان/ شہریوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
ڈپٹی کمشنر ندیم احمدجنجوعہ نے حال ہی میں ہونے والے حادثات اور حادثات کی روک تھام کیلئے اقدامات جبکہ ایس پی خواجہ محمد صدیق نے امن و امان کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی۔
صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے حادثات کی روک تھام کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ نیلم میں چلنے والی گاڑیوں کے پرمنٹس اور فٹنس سرٹیفکیٹس کی چیکنگ کو یقینی بنائیں۔
محکمہ شاہرات سیاحتی مقامات بابون، پتلیاں اور رتی گلی رابطہ سڑکوں کوفوری طور پر ٹریفک کیلئے بحال کرے۔گاڑیوں کی فٹنس کو مکمل طور پر چیک کیا جائے اور ٹریفک قوانین پر مکمل عملدرآمد کویقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز اور ٹور آپریٹرز ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
پبلک ٹرانسپورٹ اور سیاحوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے والی گاڑیوں کے مالکان ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے لاگو کئے گئے قواعد کی مکمل پاسداری کریں۔
لوڈر گاڑیوں کو سواریوں کیلئے استعمال کی ہر گز اجازت نہیں دی جاسکتی۔ ایس ڈی او شاہرات الطاف اعوان نے سیاحتی مقام رتی گلی کی رابطہ سڑکوں کی بہتری کیلئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ
رتی گلی رابطہ سڑک کی کشادگی کی جارہی ہے سڑک کو دو دن کے اندر بیس کیمپ تک ٹریفک کیلئے بحال کر دیا جائے گا۔
بعدازاں صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے ہمراہ ڈپٹی کمشنرندیم احمدجنجوعہ ریونیو ایمپلائز آرگنائزیشن کے زیر اہتمام ہڑتال پر بیٹھے محکمہ مال کے غیر جریدہ ملازمین کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ شہریوں اور کارکنان سے ملاقاتیں کیں اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔
Comments are closed.