مینڈیٹ چوری: آزاد کشمیر بھر میں پی ٹی آئی سراپا احتجاج

مینڈیٹ چوری: آزاد کشمیر بھر میں پی ٹی آئی سراپا احتجاج

8فروری کو عوامی فیصلے کو روند اگیا،یہ جمہوریت نہیں، بدترین سیاسی ڈکیتی ہے،قیوم نیازی

 

ہجیرہ (کشمیر ایکسپریس نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے مینڈیٹ پر دن دہاڑے ڈالے گئے ڈاکے کے خلاف آزاد کشمیر بھر میں یومِ سیاہ بھرپور انداز میں منایا گیا۔

 

پاکستان تحریک انصاف اور تحریک تحفظ آئین کی کال پر ہجیرہ ، عباسپور ، مظفرآباد، نیلم، میرپور، کوٹلی، کھوئی رٹہ، باغ، پلندری، بھمبر، برنالہ، سماہنی، نکیال، تتہ پانی، دھیرکوٹ، ارجہ، ہولاڑ، ہٹیاں بالا، حویلی، سہنسہ اور پلندری سمیت مختلف شہروں میں عوام سڑکوں پر نکل آئے۔

 

صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر و سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی کی قیادت میں ہجیرہ میں تاریخ ساز ریلی نکالی گئی، جہاں ہزاروں کشمیریوں نے مینڈیٹ چوری کے خلاف بھرپور احتجاج کیا۔

 

مظاہرین نے عمران خان کے حق میں فلگ شگاف نعرے لگائے اور مینڈیٹ پر ڈاکہ نامنظور،عمران خان کو رہا کرو، غیر قانونی حکومت نامنظور کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔ریلی کے دوران تاجران نے رضاکارانہ طور پر ہجیرہ شہر مکمل بند کر دیا۔

 

دکانیں ازخود بند رہیں اور شہر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا منظر پیش کیا گیا، جو عوامی غم و غصے کا واضح ثبوت ہے۔ ٹریفک بھی گھنٹوں بند رہی ۔

 

سردار عبد القیوم نیازی نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ8 فروری کو پاکستان تحریک انصاف کا مینڈیٹ دن دہاڑے چوری کیا گیا۔ عوام کے فیصلے کو جوتے کی نوک پر رکھا گیا۔

 

عمران خان کو ناجائز، ناحق اور سیاسی انتقام کے تحت قید میں رکھا گیا ہے۔ قائد بیمار ہے، علاج سے محروم رکھا جا رہا ہے، ملاقاتوں پر پابندیاں لگا کر انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔

 

مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی کے پاس عوامی اعتماد نہیں ، مینڈیٹ پی ٹی آئی کا واپس کیا جائے ، آزاد کشمیر میں صاف و شفاف الیکشن کروائے جائیں ، اگر آزاد کشمیر میں الیکشن میں ڈاکہ ڈالا گیا تو عوام تمبر ڈنڈا لیکر نکلیں گے ۔

 

عمران خان کو رہا کیا جائے ، بھارت بھی سن لے اگر یاسین ملک سمیت تمام اسیران کو رہا نہ کیا گیا تو کشمیری لائن آف کنٹرول کو عبور کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک سیاسی مسئلہ نہیں بلکہ عوامی مینڈیٹ پر کھلا حملہ ہے اور کشمیری عوام اس ظلم کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

 

انھوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں یومِ سیاہ نے واضح کر دیا کہ عوام مینڈیٹ چوری کے خلاف دیوار بن چکے ہیں اور جعلی فیصلے زیادہ دیر نہیں چل سکتے۔

 

سردار عبد القیوم نیازی نے انتہائی سخت الفاظ میں کہا کہ یہ صرف الیکشن کی دھاندلی نہیں بلکہ ریاستی سطح پر عوام کے ووٹ پرحملہ ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ جنہوں نے رات کی تاریکی میں نتائج بدلے، وہ تاریخ کے کٹہرے میں کھڑے ہوں گے۔ کشمیری عوام گواہ ہیں کہ کس طرح عوامی مینڈیٹ کو طاقت کے زور پر دفن کیا گیا۔ یہ فیصلہ عوام نے نہیں، بند کمروں میں بیٹھے چند افراد نے کیا۔

 

صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ عمران خان اس ملک کا سب سے مقبول لیڈر ہے، مگر اسے صرف اس لیے قید میں رکھا گیا ہے کہ وہ عوام کی آواز ہے ۔

 

انہوں نے کہا کہ یہ نظام اب عوام کے صبر کا امتحان لے رہا ہے۔ اگر فوری طور پر مینڈیٹ واپس نہ کیا گیا اور عمران خان کو رہا نہ کیا گیا تو یہ تحریک سڑکوں، چوراہوں اور ایوانوں تک پھیل جائے گی۔ یہ تحریک اب رکنے والی نہیں۔

 

سردار عبد القیوم نیازی نے واضح کیا کہ کشمیری عوام نے آج ثابت کر دیا ہے کہ وہ غلامی، جعلی فیصلوں اور مسلط کردہ حکمرانوں کو مسترد کرتے ہیں۔ ہم ہر فورم پر اس مینڈیٹ چوری کے خلاف آواز بلند کریں گے، چاہے ہمیں کسی بھی قربانی سے گزرنا پڑے۔

 

انہوں نے کہا کہ یہ صرف پی ٹی آئی کی جنگ نہیں بلکہ ہر اس شہری کی جنگ ہے جس کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا۔ آج ہجیرہ سے پورے پاکستان کو پیغام دیا جا رہا ہے کہ عوام کا فیصلہ واپس لینا ہوگا، ورنہ عوام خود اپنا فیصلہ سڑکوں پر نافذ کریں گے۔

 

ریلی میں شریک مظاہرین نے اعلان کیا کہ جب تک عمران خان کو رہا نہیں کیا جاتا اور عوامی مینڈیٹ بحال نہیں کیا جاتا، احتجاجی تحریک مزید شدت اختیار کرے گی۔

 

سابق امیدوار اسمبلی و مرکزی نائب صدر سردار ارزش ، ثاقب شاہین ، سردار ارشد محمود ، قاضی ثاقب شمیم و دیگر قائدین بھی ہمراہ تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.