جماعت اسلامی حلقہ خواتین کا میڈیا ویمن کیلئےپروگرام

حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد کے تحت میڈیا ویمن کے لیے “ہر دل تک قرآن، استقبالِ رمضان” پروگرام کا کامیابی کے ساتھ انعقاد

حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد کے شعبہ ینگ مسلم کے تحت میڈیا پرسنز کے بچوں کے لیے سرگرمیاں، کوئز اور انعامات کی تقسیم

 

اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز) حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے اشتراک سے میڈیا وومن اور میڈیا سے وابستہ مرد حضرات کی فیملیز کے لیے “ہر دل تک قرآن، استقبالِ رمضان” کے عنوان سے خصوصی پروگرام انفارمیشن سروسز اکیڈمی میں منعقد ہوا۔

 

پروگرام کا مقصد رمضان المبارک اور قرآن کریم کے پیغام کو میڈیا کے ذریعے معاشرے تک مؤثر انداز میں پہنچانا تھا۔

تقریب میں سابق ممبر قومی اسمبلی اور وائس پریزیڈنٹ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان عائشہ سید، وائس پریزیڈنٹ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس فرحت فاطمہ، پریزیڈنٹ حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد قدسیہ ناموس، سابق ممبر قومی اسمبلی بلقیس سیف اور دیگر اراکین شوریٰ نے شرکت کی۔

 

عائشہ سید نے کہا کہ امت کی ذمہ داری تھی کہ وہ دنیا تک قرآن کا پیغام پہنچاتی، مگر ہم خود اپنی زندگی میں راستہ بھٹک گئے ہیں۔ ہم مسلمان ہونے کے باوجود اللہ سے اپنا مضبوط ربط قائم نہیں رکھ سکے، اسی وجہ سے امت آج انتشار کا شکار ہے۔

پریزیڈنٹ حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد قدسیہ ناموس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی نے عورت سے متعلق ہر معاشرتی مسائل کو عنوان بنایا اور اس کے حل کے لیے عملی کوشش کی۔

 

انہوں نے کہا کہ ملک کو لبرلزم کے نام پر جب بھی نظریے سے دور لےجانے کی کوشش کی گئی تو حلقہ خواتین جماعت اسلامی نے مزاحمت کی۔امت کے ہر دکھ پر حلقہ خواتین جماعت اسلامی نے نہ صرف اپنے جذبات کا اظہار کیا بلکہ عمل کے میدان میں بھی ہماری خواتین پیچھے نہیں رہیں۔

 

انہوں نے رمضان میں ہونے والی سرگرمیوں، استقبالِ رمضان، دورۂ قرآن، قرآن شارٹ کورسز اور جماعت اسلامی کے تعلیمی و تربیتی پروگراموں سے آگاہ کیا۔

پروگرام میں میڈیا وومن کے بچوں کے لیے ینگ مسلم کے تحت مختلف سرگرمیاں اور کوئز منعقد کیے گئے، جن میں بچوں نے بھرپور حصہ لیا۔ سرگرمیوں کے اختتام پر بچوں میں انعامات اور تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔ اس کے علاوہ، حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی دعوتی اور سماجی سرگرمیوں پر مبنی تعارفی ویڈیو بھی پیش کی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.