ریاست میں انڈسٹریل زونز قائم کیے جائیں گے،فیصل راٹھور

ریاست میں انڈسٹریل زونز قائم کیے جائیں گے،فیصل راٹھور

 

اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ ریاست کی پائیدار خوشحالی کا راستہ بیرون ملک مقیم کشمیریوں کی سرمایہ کاری اور نجی شعبے کی مضبوطی سے ہو کر گزرتا ہے

 

اسی مقصد کے پیش نظر حکومت نے اوورسیز کنونشن کا انعقاد کیا تاکہ اوورسیز کشمیریوں کو ریاست کی معاشی ترقی کے عمل میں براہ راست شریک کیا جا سکے اور سرمایہ کاری کے لیے اعتماد کا ماحول فراہم ہو۔

 

آزادکشمیر کو درپیش سب سے بڑا چیلنج بیروزگاری ہے اور حقیقت یہ ہے کہ سرکاری شعبہ اب اتنی گنجائش نہیں رکھتا کہ روزگار کے بڑھتے ہوئے تقاضوں کو پورا کر سکے، اس لیے حکومت نے پالیسی سطح پر فیصلہ کیا ہے کہ ریاست میں انڈسٹریل زونز قائم کیے جائیں گے،

 

سرمایہ کاروں کو مراعات دی جائیں گی اور کاروبار دوست ماحول پیدا کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو مقامی سطح پر روزگار کے وسیع مواقع میسر آئیں اور ہنر مند افرادی قوت کو بیرون ملک جانے پر مجبور نہ ہونا پڑے۔

حکومت نے اپنے ابتدائی 100 دنوں میں عملی اقدامات کے ذریعے ترقی کا پہیہ رواں کیا، سیاسی جمود کو توڑا اور عوام کے اندر پیدا ہونے والی مایوسی کو امید میں بدلنے کی بنیاد رکھی۔ انتظامی اصلاحات، مالی نظم و ضبط اور عوامی فلاحی اقدامات کے ذریعے حکومتی رٹ کو مضبوط کیا گیا اور اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔

 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر پریس کلب میرپور کے صدر سید عابد حسین شاہ، پاکستان پریس کلب برطانیہ کے سینئر نائب صدر ارشد رچیال، نائب صدر رانا محمد شبیر راجوروی، سابق صدر سجاد جرال اور الیکٹرانک میڈیا کے سیکرٹری اطلاعات اسامہ خضر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت صحافی برادری کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ صحافیوں کے تحفظ، فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے جسے ہر صورت پورا کیا جائے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے اور ذمہ دارانہ صحافت معاشرے میں مثبت شعور، برداشت اور ترقی کے رجحان کو فروغ دیتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آزادکشمیر کا مثبت اور حقیقی تشخص اجاگر کرنے میں میڈیا کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے

 

حکومت میڈیا کے ساتھ تعاون کی پالیسی پر یقین رکھتی ہے اور تنقید کو اصلاح کا ذریعہ سمجھتی ہے۔ ریاستی مفاد، قومی یکجہتی اور عوامی مسائل کی درست نشاندہی میں صحافیوں کا کردار قابل قدر ہے۔

 

اس موقع پر وفد نے وزیراعظم کو کامیاب اوورسیز کنونشن کے انعقاد پر مبارکباد دی اور صحافیوں کو درپیش مسائل، سہولیات کی فراہمی اور میڈیا کے فروغ سے متعلق تجاویز پیش کیں

 

جنہیں وزیراعظم نے انتہائی توجہ سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ قابل عمل تجاویز کو پالیسی کا حصہ بنایا جائے گا اور حکومت میڈیا برادری کے ساتھ مستقل رابطہ رکھے گی تاکہ ریاست میں جمہوری اقدار اور معلومات تک رسائی کا نظام مزید مضبوط ہو سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.