پٹیکا،پانی کی ٹینکی میں مبینہ آلودگی،ہزاروں زندگیاں خطرے میں
تحصیل پٹیکا: گاؤں بٹنگی میں پانی کی مرکزی ٹینکی میں مبینہ آلودگی، تین ہزار افراد کی صحت خطرے میں
تحصیل پٹیکا کے گاؤں بٹنگی میں پانی کی مرکزی ٹینکی میں گندگی اور مبینہ طور پر کیمیکل ڈالنے کا سنگین واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے باعث تقریباً تین ہزار افراد کی صحت کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق چند شرپسند افراد نے پہلے دن پانی کی ٹینکی میں بچوں کے استعمال شدہ گندے پیمپر اور دیگر غلاظت پھینک دی۔ واقعے کی اطلاع مقامی افراد نے فوری طور پر پولیس چوکی پٹہکہ کو دی، تاہم مبینہ طور پر کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بروقت کارروائی نہ ہونے کے باعث اگلے ہی روز نامعلوم عناصر نے پانی کی ٹینکی میں تیزاب اور دیگر کیمیکل بھی ڈال دیے، جس سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی۔
علاقہ مکینوں کے مطابق پولیس چوکی پٹہکہ اس معاملے میں کارروائی کرنے سے گریزاں ہے، جس پر عوام میں شدید تشویش اور غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔
شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، پانی کی فراہمی کو محفوظ بنایا جائے اور ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
