سرینگر: سخت پابندیوں کے باوجود آسیہ اندرابی کی رہائی کے لیے احتجاجی دھرنا خاموش احتجاج؛ اقوام متحدہ سے آسیہ اندرابی اور دیگر قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ
سری نگر(کشمیر ایکسپریس نیوز) مقبوضہ جموں وکشمیر میں لوگوں نے نظر بند کشمیری خاتون رہنما آسیہ اندرابی اور ان کی دوساتھیوں کی رہائی کے مطالبے کے لیے سخت نگرانی اور پابندیوں کے باوجودسرینگر میں احتجاجی دھرنا دیا۔
سخت نگرانی، نقل و حرکت پر پابندی اور بھارتی فورسز کی مسلسل موجودگی کے باوجودمظاہرین گزشتہ رات خاموشی سے جمع ہوئے اور سیاسی جبر کے خلاف مزاحمت کا ایک مضبوطپیغام دیا۔
مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر اقوام متحدہ سے مداخلت کرنے اور بھارتی جیلوں میں نظر بند آسیہ اندرابی اور دیگر قیدیوں کی فوری رہائی کو یقینی بنانے کی اپیل کی گئی تھی۔
مظاہرین نے دھرنے کے دوران مکمل خاموشی اختیار کی اور کالے قوانین کے تحت کشمیری رہنماوں کی مسلسل نظربندی کے خلاف احتجاج کیا۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ احتجاج سیاسی قیدیوں کی حالت زار اور علاقے میں بنیادی حقوق سے محرومی پر عوام کی بڑھتی ہوئی تشویش کی عکاسی کرتا ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جبری نظربندیاں اور شہری آزادیوں پر پابندیوں کا سلسلہ مقامی آبادی کو مزید الگ تھلگ کر رہا ہے اور انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی طرف بین الاقوامی توجہ مبذول کر اتا ہے۔
مظاہرین نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ بھارت پر دباو ڈالیں کہ وہ خواتین رہنماوں سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے جنہیں برسوں سے منصفانہ ٹرائل کے بغیر نظربند رکھا گیا ہے۔
