پی ٹی اے اور نادرا ٹیکنالوجیز لمیٹڈ کی ٹیلی کام لائسنسوں اور درخواست دہندگان کی بائیو میٹرک تصدیق کی مینجمنٹ کے لئے شراکت
اسلام آباد(رازق بھٹی)پاکستان میں ٹیلی کام سروس فراہم کنندگان کے لیے شناخت کے تصدیقی عمل کے پیش نظر ، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور نادرا ٹیکنالوجیز لمیٹڈ (ای ٹی ایل) نے پی ٹی اے ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ایک معاہدے پر دستخط کیے ۔
یہ تعاون پاکستان میں کاروبار میں آسانی کی جانب خاص طور پر ممکنہ ٹیلی کام سروس فراہم کنندگان کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب میں چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ریٹائرڈ ) حفیظ الرحمان اور چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر نے شرکت کی۔
اس موقع پر ممبر فنانس پی ٹی اے محمد نوید اور ممبر کمپلائنس اینڈ انفورسمنٹ پی ٹی اے ڈاکٹر خاور صدیق کھوکھر سمیت پی ٹی اے اور نادرا کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔
چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے اظہار خیال کے دوران اس شراکت داری کو موثر اور شفاف لائسنسنگ کے طریقہ کار کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جس سے ٹیلی کام سروس لائسنس کے درخواست دہندگان کے لیے آسانیاں میسر ہوں گی
۔ اس موقع پر چیئرمین نادرا نے کہا کہ این ٹی ایل اپنے نادرا ای سہولت فرنچائزز کے ملک گیر نیٹ ورک کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق کی خدمات فراہم کرے گا تاکہ ٹیلی کام سروس فراہم کنندگان اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام اور عملے کی شناخت کی تصدیق کی جا سکے۔
اس نئے طریقہ کار کے مطابق پی ٹی اے ہر درخواست دہندہ جو پی ٹی اے کو لائسنس کی درخواست دے رہا ہے، اس کی ایک پروفائل بنائے گا۔
درخواست دہندہ کو اپنی ٹریکنگ آئی ڈی موصول ہونے کے بعد وہ قریب ترین ای-سہولت آؤٹ لیٹ پر جائیں گے اور بائیو میٹرک تصدیق کے لیے ٹریکنگ آئی ڈی پیش کریں گا ۔ اس کے بعد تصدیق کا نتیجہ محفوظ طریقے سے پی ٹی اے کو منتقل کر دیا جائے گا۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور نادرا کے مابین تعاون پاکستان میں ٹیلی کام سروسز کے لائسنسنگ کی کارکردگی اور شفافیت کے عمل کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
Comments are closed.