اسلام آباد میں بڑی سفارتی پیش رفت: امریکی و ایرانی وفود کی براہِ راست ملاقات،وائٹ ہاوس نے تصدیق کردی
ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور شروع، تکنیکی ماہرین کی سطح پر بات چیت
اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز) اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے درمیان اہم سفارتی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں امریکی اور ایرانی مذاکراتی وفود کی بالمشافہ ملاقات ہوئی ہے
وائٹ ہاوس نے نائب صدر جے ڈی وینس کی اسلام آباد میں ایرانی وفد سے آمنے سامنے ملاقات کی تصدیق کردی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس نے باضابطہ طور پر تصدیق کی ہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے اسلام آباد میں ایرانی وفد سے بالمشافہ ملاقات کی ہے۔
وائٹ ہاؤس نے بتایا ہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے اپنے وفد کے ہمراہ اسلام آباد میں ایران کے وفد سے براہِ راست ملاقات کی ہے۔ذرائع کے مطابق یہ ملاقات پاکسان کی ثالثی میں جاری اسلام آباد مذاکرات کے دوران ہوئی، جو دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے
اس سے قبل میڈیا رپورٹس میں قریبی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان پہلی بار براہِ راست مذاکرات کا آغاز ہو چکا ہے، تاہم اب وائٹ ہاؤس کی تصدیق کے بعد اس پیش رفت کو مزید تقویت مل گئی ہے۔ سفارتی ماہرین کے مطابق یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں ممکنہ بہتری اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتی ہے،
جبکہ پاکستان کی ثالثی کو بھی عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ایک سینئر اہلکار نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کے ساتھ امریکی اور ایرانی وفود کے درمیان سہ فریقی مذاکرات جاری ہیں۔ پاکستان کے سرکاری ذرائع نے قبل ازیں بی بی سی کو بھی یہی بتایا تھا۔
امریکی اہلکار کا مزید کہنا تھا کہ نائب صدر جے ڈی وینس، خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف اور ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر مذاکراتی عمل میں شریک ہوئے۔ سینئر اہلکار کے مطابق امریکی وفد میں قومی سلامتی کے مشیر اینڈریو بیکر اور ایشیائی امور کے مشیر مائیکل وینس شامل ہیں۔
عہدے دار کے مطابق واشنگٹن ڈی سی سے معاونت کرنے والے دیگر ماہرین کے ساتھ مختلف معاملات پر امریکی ماہرین کی ٹیم بھی اسلام آباد میں موجود ہے بی بی سی کے مطابق پاکستانی وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان اسلام آباد میں ‘ماہرین کی سطح پر’ مذاکرات شروع ہو چکے ہیں۔
ان کے مطابق مذاکرات کے اس مرحلے میں دونوں فریقین کی جانب سے پیش کردہ مطالبات کے ‘تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔’ اس سے قبل دونوں فریقین کے درمیان پاکستانی ثالثوں کی موجودگی میں سربراہان کی سطح پر بات چیت ہوئی تھی۔دو سرکاری عہدیداروں نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ ابتدائی بات چیت ‘مثبت’ رہی ہے
